Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایس آرایس پی کی طرف سے دروش میں 80گھرانوں میں کاروبارکیلئے سامان تقسیم

شیئر کریں:

دروش(چترال ٹائمز رپورٹ) سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کی معاؤنت سے چلنے والے والے غربت میں کمی کے پروگرام (PPR) کے تحت دروش میں 80گھرانوں میں چھوٹے کاروبار کے لئے سامان تقسیم کئے۔ اس حوالے سے ایک پروقار تقریب دروش میں منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) عبدالولی خان مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں ایس ڈی پی او، ایم ایس دروش اور دروش کے عمائدین، مقامی تنظیمات کے نمائندگان اور کاروباری امداد حاصل کرنے والے خاندان کے افراد موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالولی خان نے غربت کے خاتمے اور علاقے کی ترقی کے لئے کوششیں کرنے پر ایس آر ایس پی بالخصوص ادارے کے سربراہ شہزادہ مسعودا لملک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر ایس پی پورے صوبے میں حکومت اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ ملکر عوام کی بہتری کے لئے کام کر رہی ہے، غربت میں کمی اور دیہی ترقی کے علاوہ ایس آر ایس پی ایمرجنسی صورتحال میں بھی خدمات فراہم کرنے میں پیش پیش ہے اور انہی خدمات کی وجہ سے نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی اداروں کے سامنے بھی ایس آر ایس پی کا ایک نمایاں مقام بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت میں کمی اور دیہی ترقی کے حوالے سے SRSPکی کوششیں قابل تعریف ہیں اور ضلعی انتظامیہ ادارے کے ساتھ ہر قسم تعاؤن کریگی۔

انہوں نے کہا کہ ایس آر ایس پی شراکتی ترقی کے اصولوں پرکام کر رہی ہے اس لئے مقامی تنظیمات خود کو فعال بناکر ادارے کی کوششوں کو کامیاب کرائیں۔ انہوں نے کاروباری امداد حاصل کرنے والے افراد پر زور دیا کہ وہ صحیح معنوں میں کاروبار کے لئے اس امداد کو استعمال کریں اور ضلعی انتظامیہ اور ایس آر ایس پی اس پر نظر رکھیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر طارق احمد نے کہا کہ پی پی اے ایف کے مالی معاؤنت سے غربت میں کمی کے پروگرام کے تحت دروش ون اور دروش ٹو کے یونین کونسلز میں بڑے پیمانے پر سرگرمیاں کر رہی ہے جن میں مختلف سکیمیں، تربیت و آگاہی اور امداد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ SRSPحکومتی اداروں کی مشاورت سے سکولوں اور ہسپتالوں میں بھی کام کر رہی ہے جس کا براہ راست فائدہ مقامی کمیونٹی کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی کئی ایک منصوبے جاری ہیں۔

تقریب میں ایس آر ایس پی کی طرف سے بتایا گیا کہ چھوٹے پیمانے پر کاروباری سرگرمیوں کے لئے 80گھرانوں کے افراد کو مختلف سامان فراہم کئے جارہے ہیں جنمیں ڈرلنگ مشین، ویلڈنگ کا ساما ن، کارپینٹر کا سامان، ٹک شاپ، لیڈیز شاپنگ سنٹر کے سامان، مال مویشی، لیڈیز ٹیلرنگ شاپ کے سامان شامل ہیں۔ جبکہ 11نوجوانوں کو الیکٹریشن اور موبائل مرمت کی تربیت فراہم کی گئی ہے اور انہیں
بھی اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے سامان فراہم کئے گئے۔علاقے کے عمائدین قاری جمال عبدالناصر، حاجی گل نواز، مولانا امین احمد و دیگر پسماندہ علاقے کی ترقی کے لیے اقدامات کرنے پر ایس آر ایس پی بالخصوص شہزادہ مسعودالملک کو خراج تحسین پیش کیا۔

srsp drosh distribution chitral 2

شیئر کریں: