Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ خزانہ نے سالانہ ترقیاتی بجٹ کی تیسری سہ ماہی کیلئے 25 فیصد فنڈز ریلیز کر دیئے

شیئر کریں:

اصلاحاتی عمل جاری ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے وقت سے پہلے فنڈز مہیا کیے۔ تیمور جھگڑا


پشاور (چترال ٹائمز رپوٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا کی ہدایت پر محکمہ خزانہ نے سالانہ ترقیاتی بجٹ 21-2020 کی تیسری سہ ماہی کے 25 فیصد فنڈز کی ریلیز کی منظوری دے دی۔ صوبائی محکمہ خزانہ نے 33 محکموں کے لیے 28 ارب 31 کروڑ سے زائد کی رقم ریلیز کرنے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا۔ محکمہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 2943 ملین، صحت 3515 ملین، زراعت 1301، اعلیٰ تعلیم 1802، صاف پانی اور سینیٹیشن 970، جنگلات 555 اور غربت مکاؤ اقدامات کے لیے 2282 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ملٹی سیکٹورل ڈویلپمنٹ کے لیے 3180 ملین، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 3868 اور پانی سے متعلق منصوبوں کے لیے 2192 ملین روپے مہیا کیے جائیں گے۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ایک اور اعلامیہ کے مطابق 25 میڈیکل تدریسی اداروں کے لیے 5 ارب 50 کروڑ روپے کی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ جس کے مطابق لیڈی ریڈنگ ہسپتال کو تیسری سہ ماہی کے لیے 1 ارب 26 کروڑ روپے ملیں گے جبکہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کو 59 کروڑ، خیبر ٹیچنگ ہسپتال 1 ارب، ایوب میڈیکل کالج 2 کروڑ 86 لاکھ، ایوب ٹیچنگ ہسپتال 5 کروڑ، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ حیات آباد 1 ارب 29 کروڑ، انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز 13 کروڑ اور پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 48 کروڑ مہیا کیے جائیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے بجٹ وقت سے پہلے ریلیز کر دیا۔ مالی سال 21-2020 کی تیسری سہ ماہی کے لیے 25 فیصد فنڈز آئندہ ماہ جاری کیے جانے تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اصلاحاتی عمل سے صوبائی محصولات میں اضافہ ہوا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
43315