Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکریٹری کی زیر صدارت اجلاس میں این سی او سی فیصلوں کی توثیق کردی گئی

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی سربراہی میں کورونا صورتحال اورایس او پیز کے نفاذ سے متعلق منعقدہ اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی سربراہی میں این سی او سی فیصلوں اور تجاویز کی توثیق کردی گئی۔ اجلاس میں آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ثنااللہ عباسی سمیت ا نتظامی سیکرٹریز، کمشنرز اور اعلٰی پولیس حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس جیسے واقعات کی بروقت روک تھام کیلئے سیکرٹری محکمہ صحت امتیاز علی شاہ کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز کیساتھ بیٹھ کر منظم اور قابل عمل منصوبہ ترتیب دیں تاکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں ان جیسے واقعات کا سدباب کیا جاسکے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی صوبے میں آکسیجن کے وافر ذخائر مہیا کرنے اور تمام ہسپتالوں میں ریزرو سمیت مقررہ مقدار میں آکسیجن سلنڈروں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اپنی حدود کے اندر ہسپتالوں کے فوری دورے کرکے آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنائیں جبکہ ڈی ایچ او اور ضلعی انتظامیہ آپس میں قریبی روابط استوار کرکے کسی بھی ہنگامی سے نمٹنے کیلئے منظم اقدامات اُٹھائیں۔


ڈاکٹر کاظم نیاز نے یہ بھی ہدایت دی کہ آکسیجن کی بلا تعطل سپلائی کیلئے پولیس ڈیپارٹمنٹ اس بات کو یقینی بنائے کہ دن کے کسی بھی وقت آکسیجن سپلائی کی گاڑیاں صوبے کے کسی بھی شہر میں بغیر روک ٹوک کے داخل ہوسکیں۔ کورونا مریضوں کے میل ملاپ کی نگرانی کے بارے میں چیف سیکرٹری نے کمشنرز کو ہدایت کی ایریا اور سمارٹ لاک ڈاون کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے کیلئے ان علاقوں میں پولیس نفری، رضا کار یا ٹائیگر فورس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ تمام کمشنرز کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار مزید بڑھائیں اور آج سے اینٹی جن ٹیسٹنگ سے بھی شروع کی جائے


عوامی مقامات پر ایس او پیز کے نفاذ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام کی تعریف کرتے ہوئے اس میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ جبکہ ٹرانسپورٹ اڈوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز کے غیر تسلی بخش نفاذ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید سخت اور قابل عمل بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ٹرانسپورٹ اڈے ایس او پیز کی پیروی نہیں کرتے ان کے لائسنس کینسل کئے جائیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے روٹ پرمٹ کی تنسیخ بھی کی جائے تاکہ کورونا ایس او پیز کو من و عن فالوکرکے اس وبا کا سد باب کیا جاسکے۔


انہوں نے کمشنرز کو ہدایت کی جن علاقوں میں کورونا کیسز زیادہ رپورٹ ہورہے ہیں وہاں پر سمارٹ اور ایریا لاک ڈاون کو یقینی بنائے اور جہاں پر کورونا مریضوں کی ریکوری ہورہی ہے تو وہ بھی بروقت رپورٹ کریں۔ انہوں نے ہدایت کی مذہبی مقامات اور عبادت کے مراکز میں ایس او پیز یقینی بنانے میں علما اور ضلعی انتظامیہ اپنا کردار ادا کرے۔


ڈاکٹر کاظم نیاز نے مہنگائی کنٹرول کرنے اور سرکاری آٹے اور چینی کی بروقت سپلائی یقینی بنانے ضلعی انتظامیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کو ہدایت کی وزیراعلٰی محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں دکانداران نرخنامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور جہاں کہیں بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری ہو اسکے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے۔

Chief Secretary KP Dr Kazim Niaz 2

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
43237