Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

موجودہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ملکی تعمیر و ترقی میں مزدور اور محنت کش طبقے کے کردار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ لیبر اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ پشاور کے علاقہ ریگی للمہ میں مزدوروں کے لئے زیر تعمیر رہائشی لیبر فلیٹس کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ زیر تعمیر مذکورہ فلیٹس کی تکمیل کے لئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں۔


وہ منگل کے روز محکمہ لیبر سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی، سیکرٹری لیبر اکبر خان، سیکرٹری صحت امتیاز حسین شاہ کے علاوہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ پشاور اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو محکمے کے مختلف امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے مزدوروں کے لیے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت ریگی للمہ پشاور میں زیر تعمیر بارہ سو فیملی فلیٹس اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر پر 95 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ منصوبے کے فیز ٹو جس میں 856 فیملی فلیٹس زیر تعمیر ہیں پر 94 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ان میں سے 592 فلیٹس کو بجلی کی فراہمی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ فلیٹس کو بجلی کی فراہمی پر کام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے باقی ماندہ لیبر فلیٹس کو بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام جلد ضروری اقدامات اٹھانے جبکہ محکمہ ریلیف کو قرنطینہ کے لئے زیر استعمال ان فلیٹس کے واجب الادا یوٹیلیٹی بلز کی فوری ادائیگی کی ہدایت کی۔ ریگی للمہ میں محکمہ لیبر کے تحت خریدی گئی رہائشی زمین کے قبضے اور ملکیت سے متعلق مسائل کے حل کے لئے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کمشنر پشاور کی سربراہی میں محکمہ لیبر، پی ڈی اے ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام مل بیٹھ کر مسئلے کے حل کے لئے قابل عمل تجاویز پیش کریں۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ ہائے صنعت اور معدنیات کے حکام کو ہدایت کہ کہ وہ صوبے میں معدنیات کے لیزز سمیت کانوں اور کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کے کوائف محکمہ لیبر کو فراہم کریں تاکہ ان محنت کشوں کی متعلقہ اداروں کے ساتھ رجسٹریشن کرواکر ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔
<><><><><>

شیخ الحدیث مفتی زارولی خان کی انتقال پر وزیر اعلیٰ کی تعزیت


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے شیخ الحدیث مفتی زار ولی خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مرحوم کی گراں قدر علمی اور دینی خدمات کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھا جائیگا۔
دریں اثناءوزیراعلیٰ نے سوات سے تعلق رکھنے ولے سماجی شخصیت فصل رازق کی وفات پربھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
<><><><><>


وزیر اعلی محمود کی طرف سے وزیر اعلیٰ ہاﺅس کے سامنے احتجاج کرنے والے اپوزیشن رہنماو ں کی مہمان نوازی کی۔

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پختون روایات کو برقرار رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہاﺅس کے سامنے احتجاج کرنے والے اپوزیشن رہنماو ں کی مہمان نوازی کی۔ وزیر اعلی محمود خان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ ہاﺅس کے عملے نے احتجاجی مظاہرے کے شرکاءکی چائے اور کیک سے تواضع کی۔ اس موقع پر مظاہرے میں کورونا وبا ءکے متوقع پھیلاﺅ کی روک تھام کے لئے مظاہرے کے شرکاءاور کوریج کرنے والے صحافیوں میں فیس ماسکس تقسیم کئے گئے۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے اس روایتی مہمان نوازی کو عوامی حلقوں کی طرف سے بے حد سراہا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ سیاست اور سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ہم بحیثیت پختون اپنی روایات کو ہر صورت برقرار رکھیں گے۔


شیئر کریں: