Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کےعوام کوعلاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہے۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی ان کی دہلیز پر فراہمی کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اس مقصد کے حصول کے لئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ سنجیدہ اقدامات بھی کر رہی ہے۔ صحت انصاف کارڈ اسکیم کو اس حوالے سے صوبائی حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس اسکیم کی صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع سے یہاں کے عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا خواب پورا ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی اور صوبائی وزراءاکبر ایوب اور سلطان خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں ان سے ملاقات کی اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کی دیگر سرگرمیوں، اصلاحاتی اقدامات، صوبے میں کورونا کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی امور دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ صحت انصاف کارڈ اسکیم کو صوبائی حکومت کا صحیح معنوں میں ایک غریب پرور منصوبہ اور سماجی تحفظ کا ایک جامع پیکیج قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کی سو فیصد آبادی تک اس اسکیم کو توسیع دی گئی اور آگلے مرحلوں میں صوبے کے وسطی اور جنوبی اضلاع کی سو فیصد آبادی تک توسیع دی جائے گی اور رواں مہینے کے آخر تک توسیع کا سارا عمل مکمل کر لیا جائے گا جسے صوبے کی تمام آبادی کو علاج معالجے کی مفت اور معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم ہونگی اور اس طرح خیبر پختونخوا اپنی تمام آبادی کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ بن جائے گا۔

صوبے میں کورونا کی دوسری لہر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کورونا صورتحال کی ہمہ وقت مانیٹرنگ کی جارہی اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ بڑے پیمانے پر کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز اور دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے انہوں منتخب عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں اور اپنے اپنے حلقہ نیابت میں حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی روابط میں رہیں۔ لوگوں کی جانوں کے تحفظ کو اپنی حکومت کی سب سے اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت بڑے پیمانے پر اس وبا ءکے پھیلاو کو روکنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گی اور اس وبا سے عوام کو محفوظ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔


شیئر کریں: