Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تمام سکولوں میں طلبہ کو ہفتے میں صرف ایک دن اورایک کلاس کو بلایا جاتا ہے۔وزیرتعلیم

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ NCOC کی گائیڈ لائنز کے مطابق صوبے کے تمام سکولوں میں طلباء وطالبات کو ہفتے میں صرف ایک دن اور ایک کلاس کو بلایا جاتا ہے جس میں ان کو ہوم ورک اور اسائنمنٹس دیے جاتے ہیں اور ان کی رہنمائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سکول انتظامیہ اور طلباء ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں۔ ماسک پہننا لازمی ہے اور جاری ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کینٹ نمبر ون پشاور کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کے دوران کیا۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شہرام خان ترکئی نے دورے کے موقع پر مختلف کلاسز کا معائنہ کیا اور طلباء کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے طلباء کو ہوم ورک اور اسائنمنٹس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی کہ ان کے نمبرز سالانہ امتحان میں شمار کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شہرام خان ترکئی نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر خطرناک ہے ہم نے سکولوں کو مرحلہ وار اجازت دی ہے جبکہ حکومت نے اپنے جلسے بھی کینسل کر دیے ہیں۔ اور اس نازک حالات میں بھی پی ڈی ایم کی جما عتیں بضد ہیں اور عوام کی جانوں سے کھیل رہی ہیں جبکہ اپنی ذاتی تقریبات میں شرکت کے لیے انہوں نے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کہا کہ پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے صوبے کے تمام سکولوں میں سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ اور پلان کے مطابق آئندہ دو سالوں میں ہر طالب علم کو فرنیچر دستیاب ہوگا۔ ضم اضلاع بشمول پورے خیبر پختونخوا میں اساتذہ کی دستیابی کے لئے تقریبا پچیس ہزار آسامیاں مشتہر کی گئی ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمارے طلباء ہمارا فوکس ہے ان کی صحت اور تعلیم کو مدنظر رکھ کر فیصلے کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم آن لائن کلاسز کیلئے بھی اقدامات کر رہا ہے اور طلباء کو وٹس ایپ گروپس سوشل میڈیا محکمہ تعلیم ویب سائیٹ اور دوسرے ذرائع سے بھی تعلیم دی جا رہی ہے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ میں خود تمام سسٹم کو مانیٹر کر رہا ہوں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایس او پیز پر عمل درآمدیقینی بنائیں اور طلباء کو سہولیات فراہم کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامین
42846