Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عوام کی جانیں خطرے میں ڈالنے والوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا ہے: کامران بنگش

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) حکومت پشاور جلسہ سے تباہ کاریوں سے متعلق صحت ماہرین کی ریسرچ اور اعداد و شمار جلد عوام کے سامنے پیش کرے گی، پی ڈی ایم لیڈران پشاور جلسہ سے عوام کو کورونا میں مبتلا کرکے خود پتلی گلی سے نکل گئے، خود کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو آنے پر قرنطینہ کرگئے اور عوام کو مصیبت میں مبتلا کرگئے، ہم بلاول بھٹو سے محترمہ ثمر بلور تک پشاور جلسہ کے تمام شرکاء کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں، پی ڈی ایم باقی لیڈران بھی اپنا کرونا ٹیسٹ کروالیں، ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کرونا کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

معاون خصوصی نے کہا ہے کہ حکومت جلد پشاور میں ہونے والے پی ڈی ایم جلسے کی تباہ کاریوں پر مبنی تحقیق اور اعداد و شمار عوام کے سامنے پیش کریگی جس سے پی ڈی ایم کے عوامی مفاد کے کھوکلے نعروں پر مبنی سیاست کا قلع قمع ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم لیڈران پشاور جلسہ سے عوام کو کورونا میں مبتلا کرکے خود پتلی گلی سے نکل گئے اور یہاں کے عوام کے سروں پر کرونا کی لٹکتی ہوئی تلوار چھوڑ گئے۔ خود کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو آنے پر قرنطینہ کرگئے اور عوام کو مصیبت میں مبتلا کرگئے۔ ہم بلاول بھٹو سے محترمہ ثمر بلور تک پشاور جلسہ کے تمام شرکاء کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں اور باقی پی ڈی ایم لیڈران سے بھی التماس ہے کہ خدارا کوئی جلسہ کرنے سے قبل اپنا کرونا ٹیسٹ کروا لیں اور عوام کو خطرے میں نہ ڈالیں۔ پشاور کے تھانہ پہاڑی پوڑہ میں پی ڈی ایم کے ذمہ داران کیخلاف کاٹی جانے والی ایف آئی آر بارے معاون خصوصی نے موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے این او سی نہ دینے کے بعد بھی جلسے کا انعقاد ایپیڈیمک کنٹرول اینڈ ایمرجنسی ریلیف ایکٹ 2020 کے زُمرے میں آتا ہے جس کے تحت ایف آئی آر کاٹی گئی ہے اور قانون سب کیلئے برابر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی ہے اور عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے ذمہ داران کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ کامران بنگش کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پشاور کے جلسے میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں ناکام ہوئی۔ پی ڈٰ ایم کے دو ارکان میں جلسے کے فورا بعد کرونا کی تصدیق ہوئی۔ ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ کس طرح اسلحہ کی نمائش کی گئی لہٰذا ایف آئی آر میں پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران اور صدور کے نام شامل کرکے ان واقعات کے ذمہ داران کا تعین کیا گیا ہے۔ حکومت عوام کی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔


شیئر کریں: