Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل ورک فورس متعارف کرنے کے حوالے سے اجلاس

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کی زیر صدارت خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل ورک فورس متعارف کرنے کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن خیبرپختونخوا داؤد خان، مینیجنگ ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر علی محمود اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے اس موقع پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت 263 کالجز میں ہمارے ساتھ تقریباً 10 ہزار طلباء انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جنہیں جدید دور کی ٹیکنالوجی کے ساتھ منسلک کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اعلی تعلیم انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ مل کر کمپیوٹر سائنس کے طلباء پر مشتمل ڈیجیٹل ورک فورس تیار کرنے کے لیے تیار ہے۔اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی برائے اعلی تعلیم کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے ایک میٹنگ رکھی جائے تاکہ اس حوالے سے ہونے والے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری کالجز اب منی یونیورسٹیز بن چکے ہیں لہذا جامعات کے ساتھ ساتھ یہاں پر بھی زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر نے معاون اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش اور ضیاء اللہ بنگش کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ خیبرپختونخوا ڈیجیٹل ورک فورس کے ذریعے نہ صرف ہنر مند افراد پیدا کئے جا سکتے ہیں بلکہ بیروزگاری مکاو پروگرام میں بھی اس کا اہم کردار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ مشیر ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کو تمام تر تکنیکی معاونت کے لیے دستیاب ہوگا۔ مشیر وزیراعلی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صوبے میں ڈیجیٹلائزیشن کی جانب کئی اہم اقدامات اٹھا چکا ہے۔ جبکہ کالجز و جامعات ہمارے لیے نرسری کی حیثیت رکھتے ہیں اسی لیے ہمارا فوکس ہے کہ محکمہ اعلی تعلیم کے ساتھ مل کر نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل مواقع لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صحیح معنوں میں ہم نے ڈیجیٹل ورک فورس کا خواب پورا کیا تو بیروزگاری میں کمی کے ساتھ ساتھ غربت کی شرح میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔ مشیر وزیراعلی ضیاء اللہ بنگش نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ورک فورس نوجوانوں کے لیے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق ایک بہترین قدم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، محکمہ اعلی تعلیم اور ڈائریکٹوریٹ اعلیٰ تعلیم کے حکام اس سلسلے میں بیٹھ کر ایک لائحہ عمل اگلے ہفتے تک پیش کریں۔


شیئر کریں: