Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اپر چترال میں گردوں کے مریضوں کیلئے ڈائیلاسز سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے۔۔تحریک حقوق

شیئر کریں:

اپر چترال (چترال ٹائمز رپورٹ ) تحریک حقوق اپر چترال کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اپر چترال میں گردے کے مریضوں کی تعداد بد قسمتی سے کافی حد تک بڑھ گئی ہے اور آئے روز مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ اس کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہے۔ علاج کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ چترال کے دونوں اضلاع کے مریضوں کے لیے صرف ایک ڈائیلاسز سینٹر ہے جو کہ ڈی۔ایچ۔کیو ہسپتال چترال میں ہے۔ یہ مشین بھی مریضوں کی ذیادتی کی وجہ سے اکثر خراب ہو جاتی ہے۔مزید یہ کہ اپر چترال کے دور دراز علاقوں سے مریضوں کو ڈائیلاسز کیلئے چترال آنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور غریب مریض سفر اور کھانے پینے کا خرچہ اٹھانے سے بھی قاصر ہیں۔ اس سلسلے میں تحریک حقوق عوام اپر چترال کے پلیٹ فارم سے متعلقہ اداروں اور ارباب اختیار سے پہلے بھی گزارش کی گئی تھی لیکن تاحال کوئی پیش رفت نظر نہیں آرہی۔ اب ایک مرتبہ پھر تحریک حقوق عوام اپر چترال وزیراعلی کے۔پی۔کے، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہیلتھ اور دوسرے مجاز افسران سے گزارش کرتی ہے کہ اپر چترال کے ٹی۔ایچ۔کیو ہسپتال بونی میں ہنگامی بنیادوں پر ڈائیلاسز سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ غریب مریض اس سے باآسانی استفادہ حاصل کرسکیں۔

pervaz lal booni

شیئر کریں: