Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کورونا وباء کی وجہ سے حالات بگڑے تو ذمہ دار اپوزیشن جماعتیں ہوں گی۔ تیمور جھگڑا

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے اتوار کے روز پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں کا دورہ کیا اور کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 240 کورونا بیڈز ہیں جبکہ حیات میڈیکل کمپلیکس میں 150 بیڈز رکھے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹس ایل آر ایچ، کے ٹی ایچ اور ایچ ایم سی کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد ایم ٹی آئی ہسپتالوں کی کورونا کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینا تھا اور انہیں صوبائی حکومت اور محکمہ صحت سے تعاون کا یقین دلانا تھا۔ گزشتہ 5 روز میں رپورٹنگ کورونا کیسز میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 17 نومبر کو یومیہ مجموعی طور پر 200 کے قریب کیسز رپورٹ ہو رہے تھے جبکہ گزشتہ روز 370 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پشاور شہر میں 50 لاکھ کے قریب لوگ رہتے ہیں جبکہ وادی پشاور کی آبادی 1 کروڑ کے قریب ہے۔ پشاور کے تینوں بڑے ہسپتال پشاور ویلی کے عوام کو ہر طرح کے علاج کی سہولت مہیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ کورونا مریضوں کے ساتھ ساتھ عام مریضوں کا بھی بہترین خیال رکھا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم نے عوام کی صحت کے ساتھ ساتھ غریبوں اور معیشت کا بھی خیال رکھنا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے پابندیاں کم سے کم لگیں لیکن اس کے لیے ہمیں معاشرے کے ہر فرد کا تعاون درکار ہو گا۔ عوام کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔ کورونا وباء کے دوران ہیلتھ ورکرز کا کردار اہم رہا ہے اور ہم سب کو اپنی جانوں کے ساتھ ساتھ ان کی زندگیوں کا بھی خیال رکھنا ہو گا جو کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر کورونا مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ہیں۔ اپوزیشن جلسے جلوس کر کے غلط مثال قائم کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 60 فیصد پشاور سے سامنے آتے ہیں۔ ایسی صورت میں دوسرے علاقوں سے لوگوں کو پشاور میں اکٹھا کرنا اور واپس بھیجنا کوئی دانشمندی نہیں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ اپوزیشن کے کورونا وباء کی پہلی لہر کے دوران کے بیانیے اور موجودہ بیانیے میں تضاد ہے۔ پہلے یہ سخت سے سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر رہے تھے اور اب خود جلسے جلوس کر رہے ہیں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ اپوزیشن عوام کو گمراہ کر رہی ہے کہ جلسوں سے کچھ نہیں ہوتا اور حکومت کورونا وباء کو جلسے روکنے کے بہانے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر کورونا وباء کی وجہ سے حالات بگڑے تو اس کی ذمہ دار اپوزیشن ہوگی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
42517