Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بچوں اور اساتذہ کی تعلیمی تسلسل سے زیادہ ان کی صحت کو فوقیت دینا ہوگی۔وزیرتعلیم

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاہے کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے ان کے لئے برابر درجہ رکھتی ہیں اور سب کے مسائل حل کرنا اُن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں موجود بچوں میں کرونا کی نشاندہی انتہائی توجہ طلب مسئلہ ہے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ بچوں کی درس وتدریس انتہائی ضروری ہے۔ مگر ضرورت پڑنے پر بچوں اور اساتزہ کی تعلیمی تسلسل سے زیادہ ان کی صحت کو فوقیت دینا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر شہرام خان تر کئی نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے کمیٹی روم میں پرائیویٹ سکولز ایجوکیشن نیٹ ورک کے وفد کیساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم ظریف المعانی، ڈائریکٹرمحکمہ تعلیم حافظ محمد ابراہیم، مینجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی تاشفین حیدر بھی شامل تھے۔پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک خیبر پختونخوا وفد کی نمائندگی صدر سلیم خان، نائب صدر فضل اللہ داودزئی، شوکت محمود اور ڈاکٹر سلمٰی محسود کر رہے تھے۔اجلاس کے دوران پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک خیبر پختونخوا کے صدر سلیم خان نے صوبائی وزیر تعلیم کا تعلیمی میدان میں بہتری لانے کی جدوجہد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے نجی تعلیمی اداروں میں کرونا سے متعلق حکومتی وضع کردہ ایس او پیز پر عمل درامد کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں سکولز بند کرنے کے بجائے دوسرے مختلف اپشنز کا جائزہ لیا گیا۔ اپنے ریمارکس میں شہرام ترکئی نے کہا کہ کرونا صورتحال کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اورہمیں تعلیم سے زیادہ بچوں کی صحت کی پرواہ کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے پیر کو تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم کا اس بارے دوبارہ جائزہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں باہمی مشاورت سے فیصلے کئے جائیں گے۔ وفد سے بات چیت کے دوران ڈائریکٹر محکمہ تعلیم حافظ ابراہیم نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایات پر انہوں نے تمام پرنسپلز و ہیڈماسٹرز صاحبان کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کو پانچ ہفتوں کا ایڈوانس ہوم ورک دیا کریں اور ہفتہ وار بنیادوں پر ان کی جانچ پڑتال بھی کیا کریں۔ شہرام ترکئی نے تمام تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے اور مسلسل مانیٹرنگ کرنے کے ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اساتذہ کلاس شروع کرنے سے پہلے طلباء کو موبلائز کریں اورانہیں کورونا سے متعلق حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا کریں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے نجی تعلیمی محکموں کے مسائل حل کرنے، مالکان و منتظمین کیساتھ مضبوط ہم اہنگی جاری رکھنے اور ان کو مسلسل اگاہ رکھنے کے حوالے سے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے انتظامی افسران کو احکامات بھی جاری کئے۔

Minister Education 1

شیئر کریں: