Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مریضوں کو ہسپتال پہنچانے کیلئے محکمہ صحت کی ایمبولینسز ریسکیو 1122 کو دینے کا فیصلہ

شیئر کریں:

ابتدائی مرحلے میں پشاور اور سوات میں منتقلی ہوگی، جون تک تمام اضلاع میں منتقلی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ تیمور جھگڑا


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا حکومت کا مریضوں کی ہسپتال منتقلی کے عمل کو بہتر اور مستعد بنانے کے لیے محکمہ صحت کی تمام ایمبولینسز کو ریسکیو 1122 کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے آئندہ کابینہ اجلاس میں بل منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ایمبولینسز منتقلی کے پہلے مرحلے میں صوبائی دارالحکومت پشاور اور ضلع سوات میں ایمبولینسز ریسکیو 1122 کو فراہم کی جائیں گی۔ اس امر کا فیصلہ بدھ کے روز خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا کی سربراہی میں ہونے والے محکمہ صحت کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ریلیف عامر لطیف، سپیشل سیکرٹری صحت ڈاکٹر سید فاروق جمیل، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ صحت کی ایمبولینسز ریسکیو 1122 کے حوالے کرنے کا مقصد مریضوں کی صحت مراکز منتقلی کے عمل کو بہتر، بروقت اور آسان بنانا ہے۔ شہری کسی بھی صحت ایمرجنسی کی صورت میں فون کال کے ذریعے ریسکیو 1122 کی خدمات حاصل کر سکیں گے۔ ایمبولینسیں ریسکیو 1122 کو منتقل کرنے کا پہلا مرحلہ صوبائی دارالحکومت پشاور اور ضلع سوات سے شروع ہو گا اور جنوری میں مکمل کر لیا جائے گا۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ ہسپتالوں میں صحت سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور اس ضمن میں حائل روکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ بنیادی ہیلتھ کیئر نظام پر سنجیدگی سے توجہ دی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں عوام کا صحت نظام پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمبولینسز کی ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کو منتقلی بھی صحت اصلاحات کا حصہ ہے۔ آئندہ سال جون تک پشاور اور سوات کے علاوہ دیگر تمام اضلاع کی ایمبولینسز کو بھی ریسکیو 1122 کے حوالے کر دی جائیں گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
42417