
کورونا کی دوسری لہراورقوانین میں تبدیلی کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن میں تاخیر ہوسکتی ہے۔اکبرایوب
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات ودیہی ترقی اکبر ایوب نے کہا کہ صوبائی حکومت جلد از جلد بلدیاتی الیکشن کرانے کے لئے کوشاں ہے لیکن کورونا کی دوسری لہر اور کچھ بلدیاتی قوانین میں تبدیلی کی وجہ سے اب بلدیاتی الیکشن میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع صوابی کے تحصیل ٹوپی کے پبلک پارک کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی رنگیز خان اور سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، اسسٹنٹ کمشنر صوابی اصلاح الدین، اسسٹنٹ کمشنر ٹوپی مہران خان، ٹی ایم او ٹوپی سید وقاص علی شاہ اور سابقہ تحصیل ناظم ٹوپی محمد سہیل یوسفزئی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات کو پبلک پارک کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہترین تفریحی سرگرمیاں فراہم کررہی ہے لیکن کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ جس طرح کورونا کے پہلے لہر کا مقابلہ کیا اسی طرح دوسری لہر کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کرکے کورونا کو شکست دینا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے ذریعے عوامی مسائل انکے گھروں کی دہلیز پر بہتر طریقے سے حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں سرمایہ کار صوبے کا رخ کررہے ہیں جس سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ بلدیات میں ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہیں 20 ہزار کرنے کا اعلان بھی کیا ہے اور یہ تنخواہ بہت جلد ان ڈیلی ویجز ملازمین کو ملے گی۔ صوبہ بھر میں خالی آسامیوں کو میرٹ اور شفافیت کے مطابق جلد پر کیا جائے گا۔