Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مدرسہ احیاء السنہ آیون میں حفّاظِ قرآن کی دستاربندی تقریب

شیئر کریں:


آیون (چترال ٹائمز رپورٹ ) مدرسہ احیاء السنہ (رجسٹرڈ) ایون میں آج گیارہ حفّاظِ قرآن کی دستاربندی کی گئی۔ اس سلسلے میں مدرسے میں ایک پُرنور تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تقریب میں اہلیان چترال، خصوصاً اہلیان ایون نے بڑی تعداد میں شرکت فرمائی۔ تقریب میں خوش قسمت حفّاظِ قرآن کی دستاربندی کے علاوہ جید علماء کرام نے سامعین و حاضرین کو پندو نصائح سے بھی نوازا۔ مدرسے کی کارگردگی نذر ِ سامعین کرتے ہوئے مدرسے کے استاذُ الحدیث مولانا رحیم الدین نے بتایا کہ

مدرسہ ء ہذا کا آغاز دو ہزار چھ میں کرائے کی عمارت میں ہوا تھا۔ پھر سن دو ہزار تیرہ میں باقاعدہ زمین خرید کر لاہور کے حافظ ابراہیم مدظلہ العالی کے ہاتھوں اِس کا سنگ ِ بنیاد رکھا گیا۔ سن دو ہزار چودہ میں اس نئی عمارت میں درس وتدریس کا آغاز کیا گیا۔ اس وقت مدرسے میں چترال کے مختلف علاقوں سے چالیس رہائشی طالب علم حفظ قرآن میں مشغول ہیں۔ حفظ کے علاوہ دو سو کے قریب بچے اور بچیاں ناظرہ پڑھ رہے ہیں۔ شعبہء بنات کی پہلی جماعت رواں سال درس ِ نظامی کی تکمیل کرنے جا رہی ہے۔ اس شعبے میں سات معلِّمات بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہی ہیں۔ سکول و کالج میں زیر ِ تعلیم بچوں کو ناظرہ و ترجمہ پڑھانے کے لئے مغرب کا وقت رکھا گیا ہے۔ مغرب کے وقت نہ صرف سکول و کالج کے طالب علم قرآن کا ترجمہ پڑھنے مدرسے میں آتے ہیں بلکہ جوان و بزرگ بھی مدرسے کے اساتذہ سے استفادہ کرنے کے لئے تشریف لاتے ہیں”

بہرحال کسی بھی ادارے کی “پیداوار” اس کی کامیابی یا ناکامی بتانے کے لئے ایک کسوٹی کی حیثیت رکھتی ہے۔ جس حساب سے مدرسہ احیاء السنہ معاشرے کو “افراد” فراہم کر رہا ہے وہ بجائے خود یہ سمجھنے کے لئے کافی ہے کہ ادارہ درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطاء فرمائے۔
ادارے کے منتظم محترم ضیاء الرحمن ایک سکول ٹیچر ہیں۔ سکول کی مصروفیات کے ساتھ ساتھ ایسا کامیاب ادارہ چلانا جہاں ایک طرف اس بات کی دلیل ہے کہ بندہ کرنا چاہے تو اللہ کی توفیق سے بہت کچھ کر سکتا ہے وہاں دوسری طرف اس سے یہ بھی پتہ چل رہا ہے کہ ضیاء الرحمن صاحب کے ساتھ اس کام کی انجام دہی کے لئے بہترین رفقاء کار موجود ہیں۔ اچھی ٹیم ورک اچھے نتائج ہی پیدا کرتی ہے۔

huffaz

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
42324