Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

31 جنوری 2021 تک صوبے کے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے کے پیکج کا صحت کارڈ پلس دستیاب ہوگا۔وزیرصحت

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخواکے وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے گذشتہ 7 سالوں کے دوران ہیلتھ کیئر سسٹم پر بہت بڑاکام کیاہے اورہماری حکومت کی پوری توجہ خدمات کی فراہمی پر مرکوز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 31 جنوری 2021 تک صوبے کے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے کے پیکج کا صحت کارڈ پلس دستیاب ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کی شام کوہاٹ میڈیکل کالج اورلیاقت چلڈرن اینڈ وومن میموریل ہسپتال کی زیر تعمیر عمارات کے معائنے اورڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈی اے کوہاٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پروزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش،ایم این اے شاہد خٹک،پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداران وکارکنان اورعمائدین علاقہ موجود تھے۔انہوں نے مذکورہ زیر تعمیر عمارات کا تفصیلی دورہ کیا جہاں متعلقہ حکام نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے عمارات کے مختلف سیکشنز کومرحلہ وار مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر صحت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صحت سمیت کسی بھی شعبے میں کسی ضلع کے ساتھ ناانصافی نہیں کر ے گی بلکہ ہر ضلع کی ضروریات کو میرٹ پرپورا کیاجائے گا۔انہوں نے صحت کارڈ کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یہ کارڈ کسی قسم کی سیاسی وابستگی سے بالاترہوکرصوبے کے ہرشہری کودیاجائے گا۔ لوگوں کی جانب سے مریضوں کو ریفرٹو پشاورکے معاملے کاذکرکرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ 20 ارب روپے کے صحت کارڈ کے میگا پراجیکٹ سے ہیلتھ کا پور اسسٹم اوپر آ جائے گا اورلوگوں کو مقامی سطح پر بہتر طبی سہولیات مہیا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات سے لوکل مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افزائی ہوگی اورہیلتھ کیئر میں بڑی انوسٹمنٹ ہوگی جس سے ہم ادویات امپورٹ کرنے کی بجائے ایکسپورٹ کرنے کے قابل ہوں گے۔صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے شعبہ صحت میں جو ریکارڈ انقلابی کام کیاہے باقی پورے پاکستان میں اس کی نظیر نہیں ملتی اور اب بھی ہماری پوری توجہ ہیلتھ سروسز کی بہتری پرہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت کوہاٹ میں صحت سے متعلق مسائل کے حل کیلئے تمام تر ممکنہ فنڈز فراہم کرنے کی کوشش کرے گی اورلوگوں کومقامی سطح پر بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں میں درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک جامع رپورٹ فوری طورپر تیارکرکے انہیں بھجوائیں تاکہ اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھائے جاسکیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
42274