Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

لوک میلہ 2020، خیبرپختونخوا کی روایتی موسیقی رباب اور ثقافتی سٹالز نے میلہ لوٹ لیا

شیئر کریں:

خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے لوک میلہ میں لگائے جانے والے سٹالز میں صوبہ کے ثقافتی سٹالز، ہینڈی کرافٹ اور روایتی رباب موسیقی شامل۔
میلہ میں حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤکیلئے ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد جاری،میلے میں داخلے پر ماسک اور سنیٹائزر کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ کھیل، ثقافت، سیاحت، آثارقدیمہ،میوزیم اور امورنوجوانان خیبرپختونخوا کے زیرانتظام ادارہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے صوبہ کی ثقافت کے فروغ کیلئے لوک میلہ میں لگائے جانے والے کے پی پویلین میں روایتی رباب موسیقی اور صوبائی ثقافتی سٹالز نے میلہ لوٹ لیا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤکیلئے ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔میلے میں داخلے پر ماسک اور سنیٹائزر کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کی ہدایات پرلوک ورثہ کی سالانہ تقریبا ت لوک میلہ 2020 میں صوبائی ثقافت کے فروغ کیلئے بھرپور انداز میں شرکت کی گئی ہے۔ خیبرپختونخواکلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے صوبہ کی ثقافت کے فروغ اورہنر مندوں کے ہنر کو اجاگر کرنے کیلئے کے پی پویلین سجایا ہوا ہے۔ جس میں ہنر مند اپنے ہنر کو بہترین انداز میں پیش کرنے سمیت میلے میں لائیو پینٹنگ کرکے سیاحوں، فیمیلز اور شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ 6نومبر سے شروع ہونے والے میلے میں دیگر صوبوں کی جانب سے بھی اپنے سٹالز اور پویلین لگائے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا پویلین میں صوبائی ثقافت کی رونمائی کیلئے 30 سے زائد سٹالز لگائے گئے ہیں جن میں ہینڈی کرافٹ، تنکے کا کام، پتھروں کی بنی اشیاء،ووڈن آرٹ، پشاوری چپل،کراکل،شال،خڈی کا کام، کپڑوں پر موم سے بنی اشیاء یعنی ویکس پینٹنگ،تابنے کا کام، مٹی سے بنی خوبصورت اشیاء، گلاس کاروینگ،آرٹی فیشل جیولری سٹون کاروینگ، سواتی شالز اور دیگر شامل ہیں۔میلے میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان،پشاور، ہری پور، چترال اور دیگر شہروں سے ہنرمند شامل ہیں۔ میلے میں خیبرپختونخوا کی روایتی موسیقی رباب منگے کی پرفارمنس پر نہ صرف نوجوان جھومنے پر مجبور ہوئے بلکہ ساتھ ہی فیمیلزاور شہری بھی خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔میلے میں خیبرپختونخوا کے فنکاروں کی پرفارمنس کیلئے موسیقی نائٹ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جو کہ 14 نومبر کو ہوگی جس میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ پیش کرینگے جبکہ لوک میلہ 15 نومبر تک جاری رہیگا۔

KPCTA Pic 8 2
KPCTA lok mella psh stall 1
KPCTA lok mella psh stall 5
لوک میلہ 2020، خیبرپختونخوا کی روایتی موسیقی رباب اور ثقافتی سٹالز نے میلہ لوٹ لیا

شیئر کریں: