Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ اعلیٰ تعلیم اور مائیکرو سافٹ کمپنی کی ایک ساتھ مل کر کام کرنے پراصولی اتفاق

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے بین الااقوامی سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔ اسی بارے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کی زیر صدارت اجلاس ہائیر ایجوکیشن سول سیکرٹریٹ پشاورمیں ہوا جس میں مائیکروسافٹ کمپنی پاکستان کے لیے نمائندہ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم داود خان اور خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن میں ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے مائیکروسافٹ کمپنی نمائندے سے تفصیلی بحث جبکہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن اور مائیکروسافٹ کا مستقبل میں کام کرنے پر اصولی اتفاق بھی ہوا۔اس موقع پر معاون اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ مائیکروسافٹ کمپنی کالجز لیول پر ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے قابل عمل تجاویز دے تاکہ اسے عملی شکل دے کر ڈیجیٹل پاکستان کا مشن پورا کیاجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکو مت کی کو شش ہے کہ خیبرپختونخوا کا ہر طالبعلم کمپیوٹر خواندہ ہو۔ اسی سلسلے میں کالجز کا نظام اور انتظامیہ و طلباء کو جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی سے لیس کرنا اولین ترجیح ہے۔کورونا وبا کے دوران آن لائن کلاسز پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ کورونا کے دوران اور بعد از کورونا آن لائن کلاسز کا انعقاد اب بھی چیلنج ہے جس پر قابو پانے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس وقت تقریباً 10 دس ہزار کمپیوٹر سائنس کے طلباء زیر تعلیم ہیں، جن کو جدید تربیت یافتہ بنانے کے لیے محکمہ اعلیٰ تعلیم پر عزم ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی وژن کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کا خواب پورا کریں گے اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
42201