Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گلگت بلتستان کے لوگ جسمانی اورذہنی و نظریاتی طور پرکلام اقبال کے زیادہ نزدیک ہیں۔سیکریٹری ایجوکیشن

شیئر کریں:


    گلگت( امیرجان حقانی)  علامہ اقبال کا پیغام آفاقی ہے۔ گلگت بلتستان کے لوگ  جسمانی اور ذہنی و نظریاتی طور پر علامہ اقبال کے کلام کے زیادہ نزدیک ہیں۔اقبال نے اپنی شاعری میں فلک بوس پہاڑوں اور آسمان کو چومنے والی چوٹیوں کی بات کی ہے۔ اور ہم گلگت بلتستان والے فلک بوس پہاڑوں اور نانگاپربت اور کے ٹو جیسی فلک بوس چوٹیوں کے باسی ہیں۔ لاہور اور سیالکوٹ کے رہنے والے لوگوں نے ان فلک بوس چوٹیوں اور آسمان کو چومنے والے پہاڑوں کا صرف نام سنا ہے مگر ہم یہاں بسیر ا کرتے ہیں۔اقبال نے نوجوانوں کو شاہین کا درس دیا ہے اور شاہین ہمارے دیس  گلگت بلتستان میں اڑان بھرتے ہیں۔اقبال نے اپنے آفاقی کلام میں حریت اور آزادی کا درس دیا۔ گلگت بلتستان کے مکینوں نے اپنی مدد آپ آزادی حاصل کی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کا پیغام خودی، شاہین کی بلند پروازی اور فکرحریت کو مختلف پروگراموں اورسیمنارز کے ذریعے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ اقبال نے ہمیشہ مسلم نوجوانوں کو مخاطب کیا ہے اور انہیں بلندی پروازی کا درس دیا ہے۔ سیکریٹری ایجوکیشن نے زور دے کر کہا  صحت تعلیم سے پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو ڈسٹرب کیا ہوا ہے۔ ہمیں بھی طلبہ و طالبات کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر معمولی اقدامات کرنے ہونگے اور سخت قسم کا احتیاط کرنا ہوگا۔تعلیمی ادارے بند ہونے کی صورت میں آن لائن کلاسز کے ذریعے طلبہ سے مربوط رہنے کے ضرورت ہے تاکہ تعلیمی سلسلے کو احسن طریقے سے جاری رکھا جاسکے۔ میں ڈگری کالج کا طالب علم رہا ہوں۔ کالجز کے تمام مسائل بالخصوص ڈگری کالج کے مسائل و مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار پوسٹ گریجویٹ کالج مناور گلگت میں یوم اقبال اور بی ایس پروگرام کے حوالے سے منعقد ہ تقریب میں صدرارتی خطبے کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بی ایس پروگرام پاکستانی طلبہ وطالبات کو انٹرنیشنل دنیا سے لنک کرنے کے لیے بہت اہم اور بروقت ہے۔اور یہ قومی پالیسی بھی ہے جس کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایجوکیشن پروفیسر منظور کریم نے کہا  کالجز میں بی ایس پروگرامز کا اجرا خوش آئند ہے۔ ہم سب کی محنتوں اور کوششوں سے ہمارے چند کالجز میں یہ پروگرام شروع ہوچکے ہیں۔ مزید مضامین میں بھی اگلے سال شروع کیے جائیں گے۔پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسل پروفیسر محمد عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ کالج میں بی ایس پروگرام کے اجرا کی وجہ سے مزید انفرااسٹرکچر کی ضرورت پڑی ہے جس کے لیے متعلقہ ادارے بھر پور کردار ادا کریں گے۔پرنسپل نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں احمد سلیم سلیمی نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیے۔ لیکچرارعبدالرشید نے پوسٹ گریجویٹ کالج کی تاریخ، مسائل و وسائل اور درپیش مشکلات کے حوالے سے پریذنٹیشن دی۔ کالج کے طلبہ نے بی ایس پروگرام کے متعلق تقاریر اور علامہ اقبال کی ولادت کے متعلق بہترین کلام پیش کیا۔

iqbal day gilgit degree college 2

شیئر کریں: