
انجمن ترقی کھوار حلقہ لاہور کا قیام عمل میں لایا گیا،مولانا خلیل الرحمٰن عبوری صدر منتخب
لاہور(چترال ٹائمز رپورٹ ) لاہور میں مقیم چترال کے علم دوست اور کھوار زبان و ادب سے محبت رکھنے والے نوجوانوں نے زندہ دلوں کے شہر لاہور میں انجمن ترقی کھوار کے حلقہ کی بنیاد رکھ لی۔
مرکزی انجمن ترقی کھوار چترال کے ساتھ مشاورت اور منظوری کے بعد اس مقصد کے لیے اجلاس اتفاق ٹاؤن لاہور میں مقیم مولانا خلیل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت قاری وقار احمد چترالی نے کی، اور شرکت کرنے والوں میں قاری ظفر چشتی ، مولانا اسعد الرحمن ، احمد اللہ چترالی ، صاحبِ خانہ مولانا خلیل الرحمٰن ، اختر عارف، عبد المتین اور طاہر اللہ طاہر شامل تھے۔
شاہد مشہود ، ناصراللہ منصور، سعید الرحمٰن ثاقب ، شجاع الحق ، مولانا اشفاق چترالی اور مولانا امین بھی اجلاس میں مدعو تھے تاہم گوں نا گوں مصروفیات کی بنا پر مذکورہ حضرات اجلاس میں بہ نفس نفیس شریک نہیں ہو سکے، البتہ بذریعہ ٹیلیفون اپنی تجاویز پیش کیں اور انجمن ترقی کھوار حلقہ لاہور کے قیام کے فیصلے کی تائید کی۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ انجمن ترقی کھوار حلقہ لاہور اِن حضرات کی سرپرستی اور رہنمائی میں کام کرے گی: قاری وقار چترالی ، شاہد مشہود ، قاری نصیر اللہ منصور، قاری ظفر چشتی ، سعید الرحمٰن سعید ، احمد اللہ چترالی، مولانا اشفاق چترالی ، شجاع الحق اور مولانا امین چترالی۔
جملہ حاضرین کی مشاورت اور اتفاقِ رائے کے بعد عبوری کابینہ کی تشکیل بھی دی گئی، جو یوں ہے:
مولانا خلیل الرحمٰن صدر
مولانا اسعد الرحمٰن سینئر نائب صدر
اختر عارف نائب صدر
عبد المتین جنرل سکریٹری
عمران الحق جوائنٹ سکریٹری
طاہر اللہ سکریٹری اطلاعات
مہتدین دانش فنانس سیکرٹری
کابینہ میں شامل اراکین کے علاوہ اجلاس میں شریک تمام حضرات نے مادری زبان و ادب کی ترویج و ترقی کے لیے مرکزی انجمن ترقی کھوار چترال کی چھتری تلے صدقِ دل سے کام کرنے کا تہیہ کیا۔ صدرِ محفل قاری وقار احمد چترالی نے دعائیہ کلمات کے ساتھ اجلاس کا اختتام کیا۔