Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکریٹری کی ڈویژنل کمشنرز کو انصاف سستے بازار قائم کرنےاورمہنگائی کنٹرول کرنیکی ہدایت

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخواڈاکٹر کاظم نیاز نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور انتظامی سیکرٹریز کو ہنگامی بنیادوں پر انصاف سستے بازار قائم کرنے اور خودساختہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے کارروائیاں مزید تیز کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز اور تمام ڈویژنل کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنرز نے خود ساختہ مہنگائی کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ مسلسل بازاروں کے دورے کرکے سرکاری نرخناموں کی عمل داری یقینی بنارہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کئے جارہے ہیں۔جسکے نتیجے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کافی کمی آئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کابینہ اجلاس کے فیصلے کے مطابق ڈویژنز میں سستے بازار قائم کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے۔کئی جگہوں پر انصاف سستا بازار کے لئے جگہوں کی نشاندہی ہوچکی ہے جہاں تمام سہولیات سے آراستہ سستے بازار جلد قائم کئے جائینگے۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے ڈویژنل کمشنرز کی جانب سے مصنوعی مہنگائی کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کارروائیاں مزید تیز کرنے اور خود ساختہ مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ انتظامیہ آٹا،چینی، گھی اور اشیائے خوردونوش کی دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں اور عوام کو سرکاری نرخ پر اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹا سمگلنگ ناقابل برداشت ہے انتظامیہ ہر حال میں اسکی روک تھام یقینی بنائے اور سمگلروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ کابینہ اجلاس کے فیصلے کے مطابق تمام ڈویژنل کمشنرز ہنگامی بنیادوں پر سستے بازار کے قیام کو یقینی بنائیں اور سستے بازاروں میں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

KP Chief Secretary Dr Kazim Niaz meeting on video link

شیئر کریں: