Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پائٹ اور ڈی سی ٹی ای میں ماسٹرٹریینرز و عملے کی تعیناتی کا تمام نظام آن لائن بنا یاجائے۔۔وزیرتعلیم

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کی ہے کہ پائٹ اور ڈی سی ٹی ای میں ماسٹرٹریینرز اور دیگر عملے کی تعیناتی کا تمام نظام آن لائن بنا یاجائے۔ انہوں نے دونوں اداروں میں تعینات عملے بشمول ماسٹرٹرینرز کی تفصیلات تین دنوں کے اندر انہیں ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر ٹرینرز کے لیے اچھے تعلیم یافتہ ذہین اور آئی ٹی سکلز پر عبور رکھنے والے لوگوں کا بطور ٹرینر انتخاب کیا جائے۔ نئے تعینات لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے، تعیناتی کا عمل شفاف ہو اور ہر ایک پوسٹ کے لیے ٹیسٹ اور ڈیموں ضرور لیا جائے گا۔ یہ ہدایات صوبائی وزیر تعلیم نے محکمہ تعلیم کے ذیلی اداروں پائٹ اور ڈی سی ٹی ای کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ ڈائریکٹر ڈی سی ٹی ای گوھرخان، ڈائریکٹر پائٹ اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے ہدایت کی کہ ماسٹر ٹرینرز کے انتخاب کے طریقہ کار اور تعیناتی پلان کو جلد از جلد ختمی شکل دی جائے اور آئندہ جائزہ اجلاس میں یہ پلان پیش کیاجائے تاکہ ٹریننگ کے عمل میں مزید تیزی لائی جاسکے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ آئی ٹی وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اپنے اداروں کا ڈیٹا آن لائن کریں اور ہر قسم کے اشتہارات کی بذریعہ ویب سائٹس دستیابی یقینی بنائیں۔ جبکہ ماسٹر ٹرینرز، اساتذہ، ملازمین اور تمام سٹیک ہولڈرز کی آسانی کے لئے محکمہ تعلیم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی ان اشتہارات اور معلومات کی دستیابی بھی ضرور ہونی چاہئے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
41307