کالاش ویلی کی معروف فیسٹول پوڑ اختتام پذیر، کثیرتعداد میں سیاحوں کی شرکت
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) گرمائی چراگاہوں سے مال مویشیوں کی واپسی ، اخروٹ اور انگور جمع کرنے کی خوشی میں منایا جانے والا بریر ویلی کا معروف کالاش فیسٹول ( پوڑ ) ڈھول کی تھاپ پر مردو خواتین کی رقص کے ساتھ اختتام م پذیر ہوا ۔
یہ فیسٹول حسب روایت بریر ویلی کے قدیم گاوں بشاڑمیں شروع ہوا ۔ اور بعد آزان گری ڈانسنگ پلیس میں اختتام پذیر ہوا ۔ پوڑفیسٹول کے رسوم کی ابتدا کالاش مذہبی پیشوا کے حکم سے پنیر ، اخروٹ و انگور کی تقسیم سے شروع ہوئی ۔ لڑکوں اور لڑکیوں نے رقص کیا ۔ تو قبیلے کے بزرگوں نے اپنے باپ داد ا کے کارنامو ں پر یکے بعد دیگرے روشنی ڈالی ۔ جنہیں قبیلے کے افراد انہماک اور انتہائی دلچسپی سے سنتے رہے ۔ اس دوران نابالغ لڑکیوں کو ٹوپی پہنانے کی رسم ادا کی گئی ۔ جو چوموس کے موقع پر لڑکوں کے پچ انجیک کے مقابلے میں منایا جاتا ہے ۔ قبیلے کی درجنون نابالغ لڑکیوں کیلئے پھولوں سے بنی مخصوص ٹوپیاں تیار کی گئی تھیں ۔ جنہیں اس موقع پر انہیں پہنایا گیا ۔ اور قربان گاہ وارین میں اُن کی اچھے مستقبل کیلئے دعائیں مانگی گئیں ۔ پھولوں کی اس ٹوپی کو بیمار بچیوں کی شفا کیلئے اکسیر مانا جاتا ہے ۔ اور کالاش قبیلے کا عقیدہ ہے ۔ کہ یہ ٹوپی پہنے والی بچی بیمار نہیں ہوتی یا کسی آسیب کا سایہ نہیں پڑتا ۔ یا اگر اس قسم کا کوئی مسئلہ ہو تو اسے پہنے سے شفا یاب ہو جاتی ہے ۔ حالیہ پوڑ فیسٹول میں غیر ملکی اور ملکی مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
اسسٹنٹ کمشنر چترال تانیہ نے خصوصی طور پر اس میں شرکت کی ۔ اور اس فیسٹول سے بہت محظوظ ہوئیں ۔ فیسٹول کے جگہے پر غیر ملکی اور ملکی مہمانوں کو انگور اور اخروٹ پیش کئے گئے ۔ اور ٹریڈیشنل فوڈ ، دودھ سے بنی اشیاء سے اُن کی مہمان نوازی کی گئی ۔ قدیم زمانے میں بریر میں انگور سے بڑے پیمانے پر وائن تیار کیا جاتا تھا ۔ اور مذہبی رسومات میں کالاش لوگ استعمال کرتے تھے اور مہمانوں کو بھی پیش کرتے تھے ، لیکن پابندیوں کی وجہ سے اب انگور صرف کھانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ کالاش قبیلے کا یہ مخصوص فیسٹول ہے ۔ جو صرف بریر ویلی میں منایا جاتا ہے ۔ دوسرے ویلیز اس فیسٹول کو نہیں مناتے ۔
اس حوالے سے معروف کالاش سوشل ایکٹی وسٹ لوک رحمت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ۔ کہ کالاش ویلی بمبوریت اور رمبور میں اوچال فیسٹول منایا جاتا ہے ۔ جو کہ بریر ویلی کے پوڑ فیسٹول کا متبادل ہے ۔ جبکہ بریر ویلی کے لوگ پوڑ اس لئے بھی مناتے ہیں ۔ کہ پوڑ سے پہلے یہاں ڈین کا رواج ہے ۔ جس کے تحت اس ویلی میں اخروٹ اور انگور پکنے سے پہلے انہیں اتارنے اور استعمال کی کسی کو اجازت نہیں ہے ۔ اور خلاف ورزی کرنے والوں سے بھاری جرمانہ وصول کیا جاتا ہے ۔ لوگ اپنے اخروٹ اور انگور اُس وقت اُتار تے ہیں ۔ جب پوڑ فیسٹول کا اعلان کیا جاتا ہے ۔ اُن کا کہنا ہے ۔ کہ ڈین کا رواج قدیم زمانے سے کالاش ویلی بریر میں رائج ہے ۔ پوڑ فیسٹول موسم خزان کا فیسٹول ہے ۔ جو سردیوں کی آمد کی اطلاع کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ جس کے بعد سردیوں کیلئے تیاری کی جاتی ہے ۔ اس فیسٹول میں دیگر وادیوں سے تعلق رکھنے والے کالاش قبیلے کے مردو خواتین بھی شرکت کرتے ہیں ۔