Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کے پی کے بجائے صوبے کا نام پورا خیبرپختونخوا لکھا جائے،صوبے کے تمام افسران کو ہدایت جاری

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبر پختونخوا اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہمارے صوبے کے نام خیبرپختونخوا کے لیے ”کے پی” لکھنے کی روایت فوری طور پر بند کرکے اس کی جگہ پورا نام خیبرپختونخوا لکھ دیا کریں۔اس بات کی نشاندھی جمعرات کے روز خیبرپختونخوا اسمبلی میں مذکورہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران کی گئی۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مفتی عبید الرحمن ایم پی اے نے کی۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی شگفتہ ملک، سردار اورنگزیب نلوٹھا، ہدایت الرحمن، فیصل زمان، محمد شفیق اور عبد الغفار موجود تھے۔ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے اس موقع پر اجلاس کو اپنے محکمے کے فرائض اور خدمات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اس بات پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا کہ سرکاری خط و کتابت میں صوبے کا نام کے پی لکھا اور ذکر کیا جاتاہے۔ اجلاس نے محکمہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ صوبہ بھر کے دفاتر کو مطلع کریں کہ وہ آئندہ صوبے کا پورا نام خیبرپختونخوا لکھا کریں تاکہ یہ نام زبان زد عام کیا جاسکے۔اس موقع پر محکمہ انتظامیہ کے ایڈیشنل سیکرٹری نے اجلاس کو اپنی زمہ داریوں اور دائرہ اختیار کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

ڈیوٹی سے غیرحاضری پر دوصوبائی افسران معطل

پشاور (چترال ٹا ئمز رپورٹ) خیبر پختونخوا حکومت نے ڈیوٹی سے غیر حاضری پر دو صوبائی افسران کو معطل کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے خیبر پختونخوا گورنمنٹ سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2011کے تحت انجینئر آمنہ وحید اعوان ایگزیکٹیو انجینئر (بی پی ایس18) پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژن تور غر کو ڈیوٹی سے غیر حاضر ی کی وجہ سے فوری طور پر عرصہ90دنوں کیلئے معطل کر دیاہے۔اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز تورغر تاج محمد کو تمام عملہ ماسوائے نائب قاصد کے ڈیوٹی سے غیر حاضری پر فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ وسیم اکرم اسسٹنٹ ڈائریکٹر بٹگرام کو تا حکم ثانی اپنے فرائض کیساتھ ساتھ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز تورغر کا اضافی چارج سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ دونوں افسران ڈپٹی کمشنر تورغر کی طرف سے دفاتر کے دورہ کے دوران غیر حاضر پائے گئے تھے۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری نے تمام صوبائی افسران کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے سر انجام دیں اور اپنی حاضری ہر حالت میں یقینی بنائیں ڈیوٹی سے غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔


شیئر کریں: