Chitral Times

Oct 23, 2020

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بہترطرزحکمرانی، شفافیت، میرٹ کی بلادستی،بہترعوامی خدمات موجودہ حکومت کی ترجیحات ہیں۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بہتر طرز حکمرانی ، شفافیت ، میرٹ کی بالادستی ، اداروں کی مضبوطی اور سماجی شعبوں میں بہتر عوامی خدمات کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ، جن کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے تمام صوبائی محکموں کو اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں بطریق احسن پورا کرنا ہو ں گی ۔ا س سلسلے میں وزراءکو اپنے محکموں کی کارکردگی کو عوامی توقعات کے مطابق مزیدبہتر بنانے کیلئے معمول کی ذمہ داریوں سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا تاکہ صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے ثمرات جلد سے جلد عوام تک پہنچ سکیں۔ وہ صوبائی وزراءسلطان خان، شوکت یوسفزئی ، اکبر ایوب اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے اُن کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور اپنے محکموں میں اصلاحاتی اقدامات ، بہتر طرز حکمرانی ، خدمات کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور معیاری خدمات کی فراہمی بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے ہی سے ممکن ہے جس کو یقینی بنانے کیلئے موجودہ حکومت شروع دن سے ہی ایک مربوط حکمت عملی کے تحت سنجیدہ اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔صوبائی حکومت کے ان اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ہر محکمے کو اپنی سطح پر بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت صوبے کو معاشی لحاظ سے مستحکم بنانے کیلئے کثیر الجہتی اقدامات اُٹھا رہی ہے اوراس مقصد کیلئے صنعت، سیاحت ، زراعت اور توانائی کے شعبوں پر خاص توجہ دی جارہی ہے ۔ پیداواری شعبوں کی تیز تر ترقی اور صوبے کے قدرتی وسائل کے بہتر استعمال کیلئے موثر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت وسائل کی منصفانہ تقسیم پر نہ صرف یقین رکھتی ہے بلکہ اس سلسلے میں عملی اقدامات بھی کرر ہی ہے ۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں موجود قدرتی وسائل اور وہاں کی عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی حکمت عملی وضع کی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ترترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد مستفید ہوسکیں۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے میں صنعت و تجارت ، سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں خاطر خواہ استعداد موجود ہے جن کو استعمال میں لاکر صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے اور یہاں کے لوگوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور اُمید ہے کہ حکومت کے ان انقلابی اقدامات کے نتیجے میں بہت جلد صوبے کے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
<><><><><><><><>


دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے باجوڑ میں سرحد پار سے سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ایک سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور واقعے میں زخمی ہونے والے ایک جوان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور قوم کا ہر فرد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
<><><><><><>


شیئر کریں: