Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال؛ ہدیۃ الہادی کے زیراہتمام اتحادامت کانفرنس،تحریک پاکستان میں حصہ لینے والوں کو ایوارڈ دئے گئے

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اتوار کے روز چترال میں منعقدہ ہدیۃ الہادی پاکستا ن کے زیر اہتمام اتحاد امت کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیاکہ اس وقت امت مسلمہ کے صفوں اور وطن عزیز پاکستان میں بسنے والوں میں جس اتحادواتفاق، نظم وضبط اور یکجہتی کی شدید ضرورت درپیش ہے اور اس چیلنج سے عہدہ برا ہونے کے لئے ہر ایک اپنے آپ کو ذمہ دار سمجھے جبکہ یکجہتی کی منزل کو پانے کے لئے موجودہ مائنڈ سیٹ اور روئیے کو ترک کرتے ہوئے ایک دوسرے کو برداشت کرنے کے ماحول پیدا کیاجائے۔

ہدیۃ الہادی پاکستان کے مرکزی پیرسیدہارون گیلانی، دوسرے قائدین لیاقت بلوچ، سید ثاقب اکبر، شاہد رشید، رضیت باللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مملکت خداداد پاکستان کے حصول کے لئے جدوجہد کے وقت کوئی فرقہ بازی نہیں تھی اور سب سیسہ پلائی ہوئی دیوار کے مانند تھے مگر یہ تقسیم بعد میں ان کے صفوں میں ایک سوچے سمجھے ہوئے منصوبے کے تحت ڈالی گئی تاکہ ان کی قوت مجتمع نہ ہوسکے اور وہ آسانی سے غیروں کا شکار ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اتحاد اس عمل کا نام ہے کہ جس امتیازات کو برقرار رکھتے ہوئے بھی مل جل کر ساتھ رہنے کی سلیقے کا نام ہے اور بیرونی ایجنٹوں کو پہچاننے کی ضرور ت ہے اور افراد کا الزام کبھی کمیونٹی پر ڈالنے کی غلطی کا ارتکاب نہ کیاجائے۔

مقررین نے کہاکہ پاکستان کو ایک مثالی اسلامی ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے حاصل کیا گیا تھا اور باصلاحیت افراد کے ساتھ غیرمعمولی وسائل کا حامل ہونے کے باوجود کشکول کو توڑنے میں ناکامی پر ہمیں سوچنے اور اپنے دشمنوں کو پہچان لینے کی ضرورت ہے جوکہ ہماری صفوں میں دراڑ یں ڈال کر اورہماری تقسیم درتقسیم کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد کے حصول میں آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہارکیاکہ حالات اس نہج پر نہیں ہونا چاہئے تھا جوکہ اس وقت ہیں اور گزشتہ دنوں میں کراچی میں ایک جید عالم دین کا قتل نہایت افسوسناک ہے اور دشمن کی چلائی ہوئی ایک چال کی کامیابی کے سواکچھ نہیں ہے جس میں ہمیں تحمل کا مظاہر ہ کرنا ہے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی گلگت بلتستان کے نگران وزیر برائے جنگلات وعشرو زکواۃ سید سرور شاہ نے ملک کی مضبوطی اور استحکام کے لئے اتحادواتفاق پر زور دیا اور کہاکہ اس قوم کی بیماری اختلاف نہیں مخالفت ہے اور ہم ایک دوسرے سے اختلاف رکھ سکتے ہیں لیکن مخالفت میں تمام حدیں پارکرکے اتحاد کو پارہ پارہ کرتے ہیں۔ انہوں نے قوم کے صفوں میں اتحاد کے لئے برداشت اور تحمل پر زور دیا۔

مقامی مقرریں میں اسماعیلی کونسل کے علی اکبر قاضی، سابق تحصیل ناظم اور جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا محمد الیاس، ہدیۃ الہادی کے صدر نصرت الٰہی اور فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر حسین احمد نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی طرف سے چترال میں تحریک پاکستان اور جدوجہد آزادی میں حصہ لینے والے شخصیات اتالیق سرفراز شاہ، صاحب نگین چارویلو، قادر نواز لال، سیف اللہ جان لال، صاحب الزمان خطیب، سید توتی علی شاہ، سالار رحمت الدین، شیر میدان لال، قاضی صاحب نظام،جلال الدین اور عبیر ولی شاہ کے پسماندگان میں ایوارڈ بھی تقسیم کئے گئے جنہیں پیر سید ہارون گیلانی اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری جنرل شاہد رشید نے پیش کئے جبکہ ان شخصیات کے لئے گولڈ میڈل کا بھی اعلان کیا گیا جنہیں صدر پاکستان کے ہاتھوں پیش کئے جائیں گے ۔

ہدیۃ الہادی کے مرکزی امیر نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چترال میں بننے والی تنظیم کے عہدیداروں رضیت باللہ چیف کوارڈینیٹر اوردوسرے عہدیداروں نصرت الٰہی، حسین احمد، الطاف گوہر ایڈوکیٹ، نورالہدیٰ شاہ یفتالی،عزیز الرحمن، نبیک شراکت کالاش ایڈوکیٹ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن چترال اور چترال کے معروف عالم دین قاری فیض اللہ کو ان کی سماجی خدمات اورقدرتی آفات کے متاثریں تک ریلیف پہنچانے پر ایوارڈ دئیے گئے۔

hadiatul hadi pakistan chitral meeting 4 pir
hadiatul hadi pakistan chitral meeting 4 gb minister zakat
hadiatul hadi pakistan chitral meeting 1
hadia pakistan ceminar chitral 21
hadiatul hadi pakistan chitral meeting 4 1
hadiatul hadi pakistan chitral meeting 2
hadiatul hadi pakistan chitral meeting 2 1
hadiatul hadi pakistan chitral meeting 3

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
40989