Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سی پیک دسویں جے سی سی اجلاس میں چترال کے پانچ میگا پراجیکٹس منظوری کیلئے پیش کئے جائینگے

شیئر کریں:


چترال (چترال ٹائمز رپورٹ ) چائنہ پاکستان اکنامک کاریڈور(سی پیک ) کے دسویں جوائنٹ کوا ٓپریشن کمیٹی (جے سی سی )اجلا س کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے خصوصی طو رپر اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں سی پیک کے دسویں جے سی سی اجلاس کیلئے خیبرپختونخوا میں توانائی ، روڈ انفراسٹرکچر ، زراعت، صنعت ، سیاحت اور سماجی شعبوں کے مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ ان مجوزہ منصوبوں میں پشاور ڈی آئی خان موٹروے، سوات ایکسپریس وے فیز ٹو، دیر ایکسپریس وے ، چکدرہ چترال ایکسپریس وے ، چترال شندور روڈ، چشمہ رائٹ بینک کینال، کمراٹ کیبل کار، پشاور سرکلر ریل پراجیکٹ، درابن اکنامک زون ، موری کاری ہائیڈل پاور پراجیکٹ چترال، چترال تا چکدرہ 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن اور دیگر اہم منصوبے شامل ہیں ۔اس موقع پر بتایا گیا کہ سی پیک کے تحت بننے والا رشکئی اکنامک زون کے افتتاح کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں اور اس اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کیلئے اب تک 700 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے میں صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے اپنی پیدا کردہ بجلی کو رعایتی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کر رہی ہے تاکہ صنعتوں کو فروغ دے کر لوگوں کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ رشکئی اکنامک زون کو موجودہ حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ اس اکنامک زون کے قیام سے نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک میں صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو جائے گااور وزیراعظم عمران خان عنقریب اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہاکہ دیگر منصوبوں کے علاوہ صوبے میں زراعت کی ترقی کیلئے بھی اہم منصوبے جے سی سی کے دسویں اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کئے جائیں گے تاکہ اس صوبے کو زرعی پیداوار میں خود کفیل بنایا جا سکے ۔
َِ<><><><><><>


شیئر کریں: