Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صحت کارڈ کی فراہمی مرحلہ وار اور مقررہ وقت پر ہو گی۔ تیمور جھگڑا

شیئر کریں:

ہیلتھ انشورنس کے گزشتہ پروگراموں سے حاصل تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیرِ صحت و خزانہ


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبے کی تمام آبادی کو بروقت ہیلتھ انشورنس پروگرام سے مستفید کرنے کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صحت سہولت پروگرام کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے گزشتہ فیزز سے حاصل ہونے والے تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے آمدہ پروگرام کو مسائل سے پاک اور بہتر بنائیں گے۔ صحت کارڈ کے حوالے سے منعقدہ وڈیو لنک اجلاس میں اسٹیٹ لائف کارپوریشن، ٹریڈنگ کارپوریشن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صحت کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صحت کارڈز کی فراہمی آسان بنانے کے لئے نادرا اسٹیٹ لائف کارپوریشن کو مختلف اضلاع میں صارفین کا ڈیٹا فراہم کرے گا جس کے لیے مختلف سطحوں پر میٹنگز کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تیمور جھگڑا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کارڈز کی فراہمی میں ممکنہ مسائل کی ابھی سے ہی نشاندہی کی جائے اوراس سلسلے میں پیشگی اقدامات اٹھائیں جائیں۔ اسی طرح ہیلتھ انشورنس کے گزشتہ فیزز سے حاصل تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے اس فیز کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ آئندہ وہ صحت کارڈز سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ہفتے اجلاس منعقد کریں گے جس میں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔


شیئر کریں: