Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عالمی یوم سیاحت کے موقع پرصوبے بھر میں سیاحتی سرگرمیاں منعقد کرنے کا فیصلہ

شیئر کریں:

یوم سیاحت کی مناسبت سے سوات ایئرشو،رنگ دے گلیات،طلباء و طالبات کیلئے سوات کے تاریخی مقامات کی سیراور آگاہی مہم،عجائب گھر کا معلوماتی اور آگاہی دورہ کا اہتمام کیا گیاہے


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کا آج 27 ستمبر 2020 کو عالمی یوم سیاحت خانپور ڈیم پر منانے کا فیصلہ، خیبرپختونخوا کلچرل اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام عالمی یوم سیاحت کی مرکزی تقریب خانپور ڈیم کے سیاحتی مقام پرمنعقد ہو گی جس میں فیمیلز کونہ صرف سیاحتی مقام کی سیر کرنے کا موقع ملے گابلکہ ساتھ ہی ساتھ مختلف ایڈونچر سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔ان سب کے علاوہ محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل،آثارقدیمہ،میوزیم اور امورنوجوانان کے زیراہتمام صوبے کے دیگر سیاحتی مقامات پر بھی عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے آج خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی یوم سیاحت پر فیمیلز خانپور کے مقام پر کشتی رانی، زیپ لائننگ، ایئرگن شوٹنگ، لیک سوئمنگ، ویک ٹیوبنگ، جیٹ سکی رائیڈکے علاوہ ایئر بیلون شو، آرسی جہاز شو، بچوں کیلئے میجک شو، روایتی کھانوں اور روایتی موسیقی سے بھی خوب محظوظ ہونے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے ملاکنڈ ڈویژن میں سیدو شریف سوات میں اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں سوات ایئر فیسٹیول منایا جائے گا جو کہ سوات کی تاریخ میں پہلی بار بڑا ایئر شو ہو گا۔جس میں پیراگلائیڈنگ، ہینگ گلائیڈنگ، پیراموٹر فلائنگ، ٹرائیک فلائنگ، الٹرالائٹ فلائنگ، مائیکرو لایٹ فلائنگ، ڈرون فلائنگ اور ایئروماڈلنگ شو شامل ہے۔ہزارہ ڈویژن میں عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے رنگ دے گلیات شامل ہے جس میں پینٹنگ، بون فائر، لائیو موسیقی، لائیو باربی کیو اور مختلف روایتی کھانے شامل ہیں۔ محکمہ سیاحت نے شہریوں کی تفریح کیساتھ ساتھ دیگر اقدامات بھی کئے ہیں جن میں کائیٹ پراجیکٹ کے تحت آثارقدیمہ کے مقامات کی نشاندہی اور سیاحوں کی آگاہی کیلئے 10 ڈسٹرکٹ میں 540 سائن بورڈز کی تنصیب کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط83 سائن بورڈ کی مردان میں تنصیب،تخت بھائی کے مقام پر 20 معلوماتی سائن بورڈ کی تنصیب کا پروگرام رواں دواں، تین مختلف مقامات میں کوڑا کرکٹ اور کچرا ٹھکانے لگانے کیلئے مشینری کی تنصیب،صوبے کے پانچ سیاحتی مقامات گلیات، ٹھنڈیانی،شوگران، کمراٹ اور کیلاش میں ریسکیو 1122 سٹیشن قائم کرنے اور ایمرجنسی آلات کی خریداری کیلئے پروکیورمنٹ اور اقدامات شامل ہیں۔ ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز اور کائیٹ پراجیکٹ کے تعاون سے سوات، ایبٹ آباد، نتھیاگلی، ناران، مانسہرہ اور پشاور میں سیاحت کے شعبے سے منسلک پبلک سیکٹر اداروں اور پرائیویٹ سٹیک ہولڈرز کے 700 سے زائدشرکاء کو سیاحتی مقامات میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایس اوپیز پر عمل درآمد اور سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اسی طرح محکمہ امورنوجوانان کے زیراہتمام ایگل کیمپ 2020 پرواز جنون کے نام سے پانچ روزہ کیمپ کاکالام کے سیاحتی مقام پر انعقاد کیا گیا جس کی اختتامی تقریب 27 ستمبر کو منعقد ہوگی جس میں 100 طلباء و طالبات نے ملک بھر سے حصہ لیا اس کیمپ کا مقصد وادی سوات کے تاریخی مقامات کی رونمائی اور ان سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ ڈائریکٹریٹ آف آرکیالوجی اور میوزیم کے زیراہتمام عالمی یوم سیاحت پرسکول و کالجزکے طلباء وطالبات کیلئے تاریخی عجائب گھر پشاور کی سیر اور معلوماتی دورے کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں عجائب گھر میں موجود ہزاروں سال پرانے بدھ مت کے آثارقدیمہ اور تاریخ سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔یونائٹڈ نیشنل ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن (یو این ڈبلیو ٹی او) نے سال 2020 کو سیاحت اور دیہی ترقی کے سال کے طور پر نامزد کیا ہے جس کا مقصداس سال ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ، قدرتی اور ثقافتی ورثہ کا تحفظ اورسیاحت کے شعبے کو فروغ دیناہے۔ “سیاحت اور دیہی ترقی” کا مقصداس شعبے کی اقتصادی ترقی کو چلانے اور بڑے شہروں سے باہر مواقع مہیا کرنا ہے بشمول ان کمیونٹیز کے جو دوسری صورت میں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ امسال عالمی یوم سیاحت میں پوری دنیا میں ثقافت، ورثہ کے تحفظ اور سیاحت کے فروغ کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔


شیئر کریں: