Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP) نے 27پراجیکٹس کی منظوری دے دی

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP)نے14892.098ملین روپے کی لاگت سے 27پراجیکٹس کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ شکیل قادر خان کی زیر صدارت منعقدہ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں دی گئی۔ جس میں پی ڈی ڈبلیو پی کے ممبران اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں بشمول ابتدائی و ثانوی تعلیم، اعلیٰ تعلیم، صنعت، بلدیات، کثیر شعبہ جاتی ترقی، جنگلات، خوراک، اطلاعات، سماجی بہبود اور سڑکوں کے شعبے سے متعلق 27پراجیکٹس پر تفصیلی غور و خوض کے بعد ان کی منظوریاں دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے کے منظور کردہ منصوبوں میں ضم شدہ اضلاع کے پرائمری سکولوں کے طلباء کو تیز تر عمل درآمد پروگرامAIPکے تحت کو وظائف اور سکالرشپس کی فراہمی، AIPپروگرام کے تحت ضم شدہ اضلاع میں پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں اساتذہ کی فراہمی،SBSEکے تحت خیبر پختونخوا میں سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری کی سطح پر اعلٰی معیار کی تعلیم کی فراہمی کیلئے متبادل ماڈل کی فراہمی،SBSEکے تحت خیبر پختونخوا میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور تعلیم تک رسائی کے جدید حل کی فراہمی، تیز تر عمل درآمد کے AIP کے تحتضم شدہ اضلاع کے سیکنڈری سکولوں کے طلباء کیلئے و ظائف اور سکالرشپس کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔
اسی طرح اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں منظورکردہ منصوبوں میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تہکال پشاور کے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈی، خیبر پختونخوا میں 20 گورنمنٹ ڈگری کالجز کے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈی، عبد الولی خان یونیورسٹی (دیر پائین) کی موجودہ کیمپس کو مکمل طور پر یونیورسٹی کا درجہ دینے کیلئے فزیبلٹی سٹڈی، کالجز کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے فزیبلٹی سٹڈی نوشہرہ میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے الگ الگ کامرس کالج کے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈیز، صوابی میں گرلز کامرس کالج کے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈی، درگئی ضلع ملاکنڈ میں سوات یونیورسٹی کیمپس کیلئے فزیبلٹی سٹڈی، ضم شدہ اضلاع میں کالجز/یونیورسٹیز/کیمپسز کے قیام/درجہ بلندی کیلئے فزیبلٹی سٹڈی اور سوات یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے شامل ہیں۔ اسی طرح صنعت کے شعبے میں بنوں میں گورنمنٹ ٹیکنیکل ووکیشنل سنٹر (GVTC) تعمیر نوکانوشہرہ میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی اور ایبٹ آباد میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کی دوبارہ تعمیر کے منصوبوں کی منظوریاں دی گئیں۔مزید برآں بلدیات کے شعبے میں خیبر پختونخوا کی منتحب شدہ تحصیلوں میں پبلک پارکس کے قیام اور تحصیل کمپلیکس کی تعمیرکے منصوبوں کی منظوریاں دی گئیں۔جبکہ جنگلات کے شعبے میں ضم شدہ اضلاع کی مربوط ترقی، جنگلات کے شعبے میں منصوبے (جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ) اور خوراک کے شعبے میں ضم شدہ اضلاع میں اناج کو ذخیرہ کرنے کیلئے اراضی کے حصول کے منصوبوں کی منظوریاں دی گئیں۔ جبکہ اطلاعات کے شعبے میں ضم شدہ اضلاع میں انفارمیشن سیٹ اپ کی درجہ بلندی اور سماجی بہبود کے شعبے میں ضم شدہ اضلاع میں سیکرٹریٹ میں زکوۃ و عشر ڈیپارٹمنٹ کے استحکام کی منظوریاں شامل ہیں۔اس کے علاوہ سڑکوں کے شعبے میں منظورکردہ منصوبوں میں سب ڈویژن وزیر تا بنوں سرکلر روڈ رابطہ سڑک کی تعمیر، خیبر پختونخوا میں ضرورت کی بنیاد پر 10عدد آر سی سی پلوں کی تعمیر اور ہری پو ر میں مختلف یونین کونسلوں میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
40351