Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یو نیورسٹی آف چترال اور پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پردستخط

شیئر کریں:

چترال (چترال ٹائمز رپورٹ ) یونیورسٹی آف چترال اور پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن  فنڈ (PPAF) کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے ۔ اس معاہدے کے تحت PPAF ، یونیورسٹی آف چترال کے فیکلٹیز اور طالب علموں کی استعداد بڑھانے میں مفاہمت فراہم کرے گی۔معاہدے کے تحت PPAF کی وساطت سے یونیورسٹی آف چترال اور اطالوی یونیورسیٹیز  باہمی اشتراک سے کام کریں گے۔ جس سے چترال یونیورسٹی  کے طالبعلموں  کی استعداد میں اضاطہ ہو گا اور وہ علاقے کی پائیدار سماجی اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ اس معاہدے کے تحت اطالوی ادارہ “AICS” اور PPAF کے تعاون سے پاک اٹالین انٹر یونیورسٹیز ایسوسی ایشن قائم کیا جائے گا۔ جس کے ذریعے انفارمیشن ٹیکنالوجی، دیہی ترقی ، زیتون کی پیداوار، سیاحت ، ثقافتی ورثے کے استحکام ، ماحولیات ، صحت اور غذائیت کے شعبوں کو ترقی دینے کے لئےکا م کیا جائے گا۔ علاوہ اس کے یہ معاہدہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو باہمی دلچسپی کے موضوعات پر ورکشاپس اور سیمنارز کے انعقاد اور تحقیق کا موقع فراہم کرے  گا۔

اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر  یونیورسٹی آف چترال ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری نےاس معاہدے  کو سراہا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔”یونیورسٹی کے طالب علموں کی علمی و تحقیقی  صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہماری اولین ترجیح رہی ہے ۔جس کے لئے مختلف اقدامات پر ہم پہلے ہی سے کام کر رہے ہیں۔ PPAF   اور چترال یونیوسٹی کے مشترکہ تعاون کے معاہدے سے ہماری یہ کاوشیں مذید مستحکم ہوں گی۔ یہ معاہدہ طالب علموں کی استعداد بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ جس کا نتیجہ علاقے کی پائیدار سماجی و معاشی ترقی کی صورت میں سامنے ائے گا۔”


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریں
40282