Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پشاوررزیڈنشیاء ہاوسنگ اسکیم کو ہرصورت کامیاب بنایا جائیگا۔۔ڈاکٹرامجد علی

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں کم آمدن رکھنے والے افراد اور سرکاری ملازمین کے لئے چھت کی سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ محکمہ ہاوسنگ بغیر کسی نفع نقصان کے عوام کے لئے گھر کی سہولت فراہم کرنے کے لئے کام کررہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوڑیزئی پشاور میں نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کے تحت بننے والی ہاوسنگ سکیم سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں پروانشل ہاوٗسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عمران وزیر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ پشاور رزیڈنشیاء صوبائی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، جسے ہر صورت کامیاب بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہاوسنگ سکیم میں گھروں کی قیمت مارکیٹ سے کئی گنا کم ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو سستے گھروں کی فراہمی کی تعبیر کی جانب جارہے ہیں۔ ہاوسنگ سکیم میں جدید دور کے تمام تر سہولیات فراہم کئے جائینگے۔ اجلاس میں محکمہ ہاوسنگ کے حکام کا کہنا تھا کہ سوڑیزئی ہاوسنگ سکیم، پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی فاونڈیشن کے اشتراک سے بنائی جا رہی ہے، جس میں صوبائی حکومت کی ذمے اراضی کی فراہمی، سڑک کی تعمیر، مین گیٹ، باونڈری وال اور چیک پوسٹس کی تعمیر یقینی بنانا ہے، ہاوسنگ سکیم کے لئے زنگلی چیک پوسٹ سے تین ارب 47 کروڑ روپے کی لاگت سے روڈ تعمیر کیا جائیگا۔ حکام کا کہنا تھا کہ ہاوسنگ سکیم میں گھروں کی تعمیر پاکستان ہاوسنگ فاونڈیشن کی جانب سے کی جائیگی۔محکمہ گھروں کی تعمیر کے لئے قسطوں کی ادائیگی کے حوالے سے شہریوں کے تحفظات سے آگاہ ہے، تاہم گھروں کی تعمیر کا تخمینہ اراضی کی قیمت، ترقیاتی اخراجات اور گھروں کی تعمیر پر آنے والے اخراجات کو ملا کر لگایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گھروں کے لئے ادائیگی کا طریقہ کار منصوبہ کی تکمیل کے مطابق بنایا گیا ہے، جسے تین سال کے عرصے میں مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاون اور ڈی ایچ اے میں بغیر زمین اور ترقیاتی اخراجات کے گھر کی فی سکوئر فٹ لاگت 3200 سے 4200 روپے آتی ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں پشاور رزیڈنشیا میں اعلی معیار کے گھر صرف 2800 روپے فی سکوئر فٹ بمع زمین اور ترقیاتی اخراجات لئے جائینگے، جبکہ وہ بھی تین سال کی اقساط پر فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیر ہاوسنگ کو بتایا گیا کہ قسطوں میں کمی سے منصوبے کے پائے تکمیل تک پہنچنے کے دورانیہ میں مزید اضافہ ہوگا۔ حکام کا کہنا تھا کہ کم آمدن رکھنے والے افراد کو گھروں کی قسطیں جمع کرانے میں مزید آسانی فراہم کرنے کے لئے بینک ہوم فنانس کی سہولت بھی فراہم کی جائیگی، گھروں کی تعمیر کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کے حصول کے لئے وزیر اعظم عمران خان پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ گھروں کی اقساط اور ڈاؤن پیمنٹ کی استطاعت نہ رکھنے والے افراد بینک سے قرضہ لینے کی سہولت سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں، دلچسپی رکھنے والے افراد کو وفاقی پی ایچ اے فاونڈیشن قرضہ حاصل کرنے کے حوالے سے متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے میں مدد فراہم کریگی۔ گھروں کے لئے اقساط اور ڈاؤن پیمنٹ کے لئے شہری آسان شرائط پر قرضہ حاصل کرنے کے لئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پشاور پراجیکٹ سے 9244173-051, 9201543، 03348980010 پر رابطہ کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ متعلقہ افراد وفاقی پی ایچ اے فاونڈیشن اسلام آباد کے دفتر سے بھی رجوع کرسکتے ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں: