Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکریٹری کی سیاحتی مقامات اورسیلابی نالوں،دریاوں پر تجاوزات فوری ہٹانے کی ہدایت

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے صوبے کے سیاحتی مقامات پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے ایک ہفتے کے اندر پلان پیش کرنے اور تمام اضلاع میں سیلابی نالوں، نہروں اور دریاوں پر تجاوزات فوری ہٹانے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں انتظامی سیکرٹریز اور ڈویژنل کمشنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔چیف سیکرٹری نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں کھلی کچہری اور ریونیو دربار کو مزید موثر بنائیں اور تمام ضم شدہ اضلاع میں اسکے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ضم شدہ اضلاع میں لینڈ ایکویزشن کے تمام زیر التوا کیسز جلد ازجلد نمٹانے اور ڈپٹی کمشنرز کو پناہ گاہوں کے دورے کرنے اور پناہ گاہوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کو اٹے کے سرکاری کوٹے پر عمل درآمد اور سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ضم شدہ اضلاع میں بھی انتظامیہ کو آٹے کی سمگلنگ پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نے تعلیمی اداروں کو کھولنے کے لیے بنائے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کورونا وباء میں محکمہ صحت، ڈاکٹرز اور ضلعی انتظامیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اضلاع کی سطح پر انتظامیہ نے کورونا کو قابو کرنے میں جو کردار ادا کیا وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے کیسز میں واضح کمی ضرور آئی ہے لیکن ابھی ختم نہیں ہوا ہے اس لئے انتظامیہ اپنے متعلقہ اضلاع میں چوکس رہے اورتمام اضلاع کی انتظامیہ متاثرہ افراد کی کنٹیکٹ ٹریکنگ پر خصوصی توجہ دیں۔ چیف سیکرٹری نے ڈینگی کے تدارک کے لئے متعلقہ انتظامیہ کو اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ تعمیرات کی منظوری کے لئے ویب پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹمبر مافیا کے خلاف بلا جھجک سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ بینائی سے محروم بچوں کے لئے سکولز اور بریل سسٹم کے تحت اشاعت و طباعت کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی نگرانی میں کمیٹی بنائی گئی ہے جبکہ بینائی سے محروم بچوں کی تعلیم کے لئے اضلاع کی سطح پر بھی انتظامیہ تیزی سے کام کرے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ نابینا افراد کو اللہ تعالی نے بہت صلاحیتوں سے نوازا ہے انہیں تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
40065