Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی پی اے ایف اور یونیورسٹی آف مالاکنڈ کے درمیان نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے اشتراک

شیئر کریں:

اسلام آباد (چترال ٹائمز رپورٹ) پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) اور یونیورسٹی آف مالاکنڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت یونیورسٹی کے طالب علموں کو انکے متعلقہ اداروں میں سماجی و معاشی ترقی میں معاونت کی جائے گی۔ یہ اشتراک مقامی نوجوانوں کی شمولیت اور حوصلہ افزائی پر توجہ دیتا ہے تاکہ بنیادی طور پر ان علاقوں میں منفرد طریقوں سے جامع ترقیاتی کاموں کے لئے جدت انگیز انداز سے کام کرکے انہیں مزید مستحکم بنایا جائے۔ ان علاقوں میں پی پی اے ایف عمل درآمد کررہا ہے جس کے لئے اطالوی حکومت کے ترقیاتی تعاون کے ادارے (اے آئی سی ایس) کی جانب سے معاونت فراہم کی جارہی ہے۔

اس معاہدے کے تحت پاکستانی اطالوی رابطے کاری کے ذریعے یونیورسٹی کے طالب علموں کو اپنے علاقے کی پائیدار ترقی کے لئے نوجوانوں کی شمولیت و رابطے کے اقدام سے ملایا جائے گا، جبکہ اطالوی یونیورسٹی کی جانب سے دیگر اطالوی ماہرین تعلیم کی جانب سے بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی اور پی پی اے ایف کی جانب سے اس پروگرام پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی پی اے ایف کے سی ای او قاضی عظمت عیسیٰ نے کہا، “پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، ان میں مثبت تبدیلی لانے کا جذبہ ہے اور ہم انہیں درست پلیٹ فارمز فراہم کرکے انکے جذبے کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔ میں پرامید ہوں کہ مالاکنڈ یونیورسٹی کے طالب علم اس اشتراک سے بہت زیادہ مستفید ہوں گے اور پسماندہ علاقوں کی مختلف سماجی و معاشی ضروریات کی تکمیل کے لئے جدت انگیز طریقوں سے روشناس ہوں گے۔”

اس بارے میں مالاکنڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل زمان نے پی پی اے ایف کے اقدام کو سراہا اور اس مقصد کے حصول کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے کہا، “ہم نوجوانوں کی شمولیت کے ذریعے بعض ایسے اقدامات پر پہلے سے ہی کام کررہے ہیں اور اس مشترکہ تعاون سے ہماری کاوشیں مستحکم ہوں گی اور نوجوانوں کو ترقی کے نئے طریقے تلاش کرنے میں مدد ملے گی جس کے باعث وہ اپنے علاقوں میں مثبت تبدیلی لاسکتے ہیں۔ “

اسی طرح کی مفاہمتی یاد داشت کے معاہدوں پر لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (ایل یو اے ڈبلیو ایم ایس) اور یونیورسٹی آف تربت (بلوچستان) کے ساتھ دستخط کئے جاچکے ہیں جبکہ اگلے چند ہفتوں میں یونیورسٹی آف چترال اور یونیورسٹی آف سوات کے ساتھ بھی معاہدے کئے جائیں گے۔

پروگرام فار پاورٹی ریڈکشن کے تحت گزشتہ سال منتخب افراد کو تربیت بھی فراہم کی گئی۔ اس پروگرام پر پی پی اے ایف کی جانب سے اپنی شراکتی تنظیموں کے ذریعے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے 14 اضلاع کی 38 یونین کونسلوں میں عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ پی پی اے ایف کا اب عزم یہ ہے کہ مختلف یونیورسٹیز کے اشتراک سے کام کرے اور نوجوانوں کی ترقی کو فروغ دے اور انکے علاقوں کی سماجی و معاشی ضروریات سامنے لانے کی حوصلہ افزائی کرے۔

ان معاہدوں کے تحت اطالوی یونیورسٹی اطالوی ترقیاتی ادارے اے آئی سی ایس اور پی پی اے کے تعاون سے پاکستانی اٹالین انٹریونیورسٹی ایسوسی ایشنز قائم کرے گی تاکہ انفارمیشن و کمیونکیشن ٹیکنالوجی، دیہی ترقی، زیتون کی پیداوار، سیاحت اور ثقافتی ورثے کے استحکام، ماحولیات، صحت اور غذائیت جیسے شعبوں پر توجہ دینے کے لئے پاکستانی اور اٹلی کے تعلیمی اداروں کے ماہرین کو ایک جگہ لایا جائے۔

پاکستانی یونیورسٹیز مقامی طالب علموں کو ترقی کے نوجوان ابلاغ کار کے طور پر منتخب کریں گی جو اطالوی ماہرین سے اپنے دلچسپی کے شعبے میں تربیت حاصل کریں گے، اس دوران ان طالب علموں کو مختلف منصوبے آگے بڑھانے کا بھی موقع حاصل ہوگا اور وہ مقامی افراد کے ساتھ کام کرکے انہیں اپنی معلومات فراہم کریں گے، مقامی افراد کے لئے نئے مواقع سامنے لائیں گے اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی کے لئے ماحولیات کے تحفظ کو فروغ دیں گے۔

اس اشتراک کی بدولت تمام اسٹیک ہولڈرز کو باہمی دلچسپی کے موضوعات سے متعلق ورکشاپس کے انعقاد اور تحقیق کا موقع ملے گا۔

پی پی اے ایف کا پروگرام برائے پاورٹی ریڈکشن ترقی کے جامع طریقے کے ذریعے سماجی و معاشی ترقی لانے کی غرض سے مستحکم حالات پیدا کرنے کے لئے کام کررہا ہے۔ اس پروگرام کی بدولت متعین علاقوں میں معاونت کے جدت انگیز طریقوں پر عمل درآمد کے ذریعے صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے میں مدد ملی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
40056