Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وادی چترال کا تاریخی بروغل فیسٹیول 12 ستمبر سے شروع ہوگا

شیئر کریں:

دو روزہ فیسٹیول میں یاک پولو، کرکٹ، فٹبال، بزکشی، میراتھن ریس،رسہ کشی، کشتی اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں سمیت وخئی اور روایتی کھانے، موسیقی کی محفل بھی منعقد ہوگی
لاک ڈاؤن کے بعد سیاحتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا، سیاح فیسٹیول میں شرکت سمیت چترال کی حسین وادیوں سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے، سیکرٹری محمد عابد مجید


چترال(نمائندہ چترال ٹائمز) سیکرٹری محکمہ کھیل،سیاحت،ثقافت،آثارقدیمہ،میوزیم وامورنوجوانان خیبرپختونخوا محمدعابد مجید نے کہاہے کہ کورونا وائرس کے بعد سیاحتی مقامات سے لاک ڈاؤن ہٹانے کے علاوہ سیاحتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا فیسٹیول 12 ستمبر کواپرچترال کی وادی بروغل میں منعقد ہو گا جس میں اپنی تاریخ کی منفرداور صرف پاکستان میں وادی بروغل میں کھیلی جانے والی یاک پولوسمیت گڑ پولو، گدھا پولو،کرکٹ، فٹبال، بزکشی، میراتھن ریس، رسہ کشی، کشتی، روایتی کھانے اور موسیقی کی محفل منعقد کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ چترال اپر کے زیراہتمام وادی اپر چترال کی خوبصورت وادی بروغل میں 12 ستمبر سے بروغل فیسٹیول کاآغاز ہوگاجس کی اختتامی تقریب کل 13ستمبر کوہو گی۔سیکرٹری محکمہ سیاحت محمد عابد مجید نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے سیاحتی مقامات سے لاک ڈاؤن ہٹانے کے بعد سیاحتی سرگرمیوں کاآغاز کردیا۔ سطح سمندر سے 12460 فٹ بلندی پر واقع بروغل نیشنل پارک میں منعقد ہونے والے فیسٹیول میں سیاحوں کیلئے ٹینٹ ویلیج کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے تاکہ بروغل وادی کا دورہ کرنے والے سیاح فیسٹیول سے محظوظ ہونے کیساتھ ساتھ ایڈونچر ٹورازم سے بھی لطف اندوز ہو سکے۔وادی بروغل چترال شہر سے 250 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جس میں خوبصورت گلیشیر، وائلڈ لائف، سرسبز و شاداب پہاڑجبکہ اس کے قریب ہی موجود کورمبر جھیل بروغل وادی کی خوبصورتی کا اہم جز ہے۔ وادی میں 30 کے قریب تازہ پانی کی مختلف جھیلیں بھی موجود ہیں۔ اس فیسٹیول کیلئے چترال کے مختلف علاقوں سے شہری بروغل کا رخ کرتے ہیں۔چترال کے سالانہ فیسٹیول اور تہواروں میں شامل بروغل فیسٹیول کو بہترین انداز میں منایا جاتا ہے۔دشوار گزار اور ایڈونچر سے بھرپور اس وادی کی خوبصورتی بہت زیادہ ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
40053