Chitral Times

Sep 26, 2020

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال مائنزاینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد کی معاون خصوصی معدنیات عارف احمد زئی سے ملاقات

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپوٹ) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو قدرت نے بیش بہا قیمتی معدنیات سے نوازا ہے جس سے فائدہ اٹھانے اور عوام تک اس کی ثمرات پہنچانے کے لیے محکمہ معدنیات ہمہ تن کوششیں کر رہی ہیں۔ صوبے میں چترال سے لے کر وزیرستان تک معدنی وسائل کو زیر استعمال لانے اور اس سے صوبے کی آمدن میں اضافے کے لیے جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عار ف احمد زئی نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کی سربراہی میں چترال مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔معاون معدنیات عارف احمدزئی نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ معدنیات سے وابستہ کاروباری حضرات اور لیز ہولڈرز کے مسائل کو ان کے متعلقہ اضلاع میں حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو واضح ہدایات جاری کر دئیے گئے ہیں کہ شکایات کے ازالے کے لئے میکنزم اور طریقہ کار مزید مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کی کوشش ہے کہ تمام کاروباری سرگرمیوں کے لیے سہولیات و آسانیاں پیدا کی جائیں۔چترال مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن نے اس موقع پر معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور مستقبل میں محکمہ معدنیات کے ساتھ ہر معاملے میں تعاون کی یقین دہائی بھی کرائی۔

وفد میں سابق ایم این اے شہزادہ افتخارالدین ، پی ٹی آئی رہنما عبد الطیف ودیگر بھی شامل تھے۔


شیئر کریں: