Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

انسداد پولیو میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیرصحت تیمور جھگڑا

شیئر کریں:

پولیو خاتمہ اولین حکومتی ترجیح، اداروں کو مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔ وزیر صحت و خزانہ


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)پولیو کے خاتمے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ اس مرض کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ اس مرض کا خاتمہ متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو لیڈر شپ دکھانی ہو گی۔ محکمہ صحت ان کی پشت پر کھڑا ہو گا اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے انسداد پولیو کے حوالے سے منعقدہ جائزہ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبرپختونخوا میں منعقدہ اجلاس میں گزشتہ پولیو مہمات اور رواں ماہ ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا سید امتیاز حسین شاہ، اسپیشل سیکریٹری صحت میاں عادل اقبال، کوآرڈینیٹر ای او سی عبدالباسط، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد، صوبے کے 21 اضلاع کے ڈی ایچ اوز، ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے نمائندوں سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پولیو ہمارے بچوں کی معذوری اور پاکستان کے وقار کو متاثر کرنے کا باعث ہے۔ اس مرض کا نہ صرف صوبے بلکہ ملک اور پورے خطے سے خاتمہ ضروری ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے اور یہ اولین حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ اس معاملے میں ڈی ایچ اوز کو لیڈر شپ دکھانی ہو گی کیونکہ بنیادی طور پر یہ محکمہ صحت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اوز اس مرض کے خاتمے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ صوبائی وزیر نے اجلاس میں واضح کیا کہ محکمہ صحت میں صفائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل افسران کی جگہ قابل اور متحرک افسران کو عہدے تفویض کیے جا رہے ہیں۔ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے افسران سے سختی سے نمٹا جائے گا اورانہیں اعلیٰ عہدوں پر قطعاً تعینات نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح پولیو کے مکمل خاتمے میں کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر صحت و خزانہ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں کیونکہ اس مرض کے خاتمے میں نہ صرف اداروں بلکہ تمام مکاتب فکر کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔ تیمور جھگڑا نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو 21 ستمبر سے صوبے بھر میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ابھی سے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

Health Minister Taimoor Saleem Jhagra chaired meeting on polio pesh

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
39792