Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایک جگہ پر دوسال یا اس سے زائد وقت گزارنے والے اہلکاروں کا تبادلہ کیا جائے۔چیف سیکریٹری

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے صوبے میں میرٹ کی بنیاد پرتبادلے و تعیناتیاں یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی محکمہ میں ایک جگہ پر دوسال یا اس سے زائد وقت گزارنے والے سرکاری اہلکاروں کا تبادلہ عمل میں لایا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ انہوں نے محکموں کو ای بڈنگ کے نظام پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے گزشتہ کمیٹی اجلاس کی روشنی میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے سال 21-2020 کے لئے کانسیپٹ پیپرز تیار کرنے اوسکیموں کی منظوری کے بعد پی سی ون پر کام شروع کرنے کے احکامات جاری کئے، انہوں نے تمام تر انتظامی سیکرٹریز پر زور دیا کہ وہ 31 اکتوبر سے قبل سالانہ ترقیاتی پروگرامز کے لئے تمام تر نئی سکیموں کی منظوری یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے لئے منصوبوں کی منظوری اولین ترجیح ہوگی۔ اجلاس میں سرکاری ملازمتوں کے لئے امیدواروں کی عمر کی آخری حد میں رعایت کے حوالے سے نظر ثانی کا معاملہ اٹھایا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں 2000 کیسز میں ایج ریلکسیشن کی سہولت دی گئی۔ اجلاس میں شیڈول کاسٹ اور پسماندہ علاقوں کے علاوہ باقی امیدواروں کے لئے ایج ریلکسیشن کی پالیسی پر از سر نو غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا،جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی سربراہی میں کمیٹی ایک ماہ میں اپنی سفارشات مرتب کریگی۔اجلاس میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے موصول ہونے والے زیر التواکیسز پر بھی بحث کی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ متعلقہ محکمے دس دن کے اندار نیب کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنے، دو سے تین ہفتوں میں رپورٹس جمع کرنے اور 30 دنوں میں شکایات کے حوالے سے مناسب ایکشن یقینی بنائیں۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ نیب سے متعلق کیسز کوتمام محکمے صحیح انداز میں نمٹائیں جبکہ ہر ماہ زیرالتوء کیسز کے حوالے سے انہیں اگاہ کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان سیٹیزن پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی شہریوں کے تقریبا پانچ لاکھ شکایات میں سے 88 فیصد حل کر دی گئی ہیں، جس کی شرح ملک میں سب سے زیادہ ہے، شکایات کے ازالے میں محکمہ ہاوسنگ کی کارکردگی 99 فیصد کے ساتھ سب سے بہتر رہی، جبکہ محکمہ ریونیو اور محکمہ خوراک شہریوں کی شکایات کے حل میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ آڈٹ ایولویشن سکور میں محکمہ انفارمیشن پہلے نمبر پر جبکہ محکمہ ہاوسنگ اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح فائل ٹریکنگ سسٹم میں محکمہ صحت پہلے، ایکسائز دوسرے اور محکمہ تعلیم تیسرے نمبر پر رہے۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے تمام محکموں کو خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کی احکامات بھی جاری کئے۔ اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کے 42 ویں اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے حوالے سے بھی انتظامی سیکرٹریز کو آگاہ کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے خیرپختونخوا کے اقدامات کو سراہا گیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
39648