Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وادی کالاش میں سیاحت کے فروغ اور سڑکوں کی تعمیر نو کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیر زادہ

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرزادہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا کیلاش قبیلے سے ہی معاون خصوصی برائے اقلیتی امور کاچننا پاکستان میں اقلیتوں کے بہتر مستقبل اور تحفظ کا منہ بولتاثبوت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کیلاش ثقافت کو ترقی دینے کیلئے نہایت دلچسپی لیتے ہیں. صوبائی حکومت نے کیلاش قبرستان اور دیگر مذہبی جگہوں کیلئے پچھلے سال چھ کروڑ روپے دئے تھے جبکہ اس بار وزیراعلی نے چار کروڑ ستر لاکھ روپے کا گرانٹ بھی دیا ہے۔ اسی طرح کیلاش کے مذہبی رہنماء قاضیوں کی تعداد بھی 74 تک بڑھائی جن کو مالی امداد اور نوجوانوں کے لیے میریج گرانٹ بھی منظور کی ہوئی ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے بیواؤں کیلئے بھی فنڈمختص کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارمعاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کیلاش قبیلے کے سالانہ مذہبی تہوار اوچال کی ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا ہے۔ تہوار کو دیکھنے کیلئے نہ صرف کثیر تعداد میں ملک کے تمام شہروں سے سیاح آئے تھے بلکہ اس دفعہ کافی تعداد میں اراکین اسمبلی اور صوبائی وزراء بھی اس تہوار سے لطف اندوز ہوئے۔ کیلاش لوگوں کا سالانہ تہوار اوچال وادی رمبور میں شرو ع ہوا۔ میلے کو دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں پارلیمنٹرین بھی وزیر زادہ کی دعوت پر چترال آئے تھے جن میں صوبائی وزیر برائے لیبر و کلچر شوکت یوسفزئی، معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی، معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد خان ترند، میاں شراف خان رکن صوبائی اسمبلی کالام، دیگر افسران کے علاوہ سکھ، ہندو، اور بھائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیر زادہ نے کہا ہے کہ وادی کیلاش کی ترقی اور دیگر انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر سڑکوں کی تعمیر کے لئے منصوبہ بندی مکمل ہے جس پر بہت جلد سول ورک کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے باقاعدہ طور پر وادی کیلاش روڈ کا ٹینڈر بھی کروایا ہے جبکہ دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد سڑک پر عملی کام شروع کرنے کے لئے اسے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالہ کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی چترال کیلئے بہت خدمات ہیں جن میں ضلع اپر چترال کا وجود میں آنا نہایت بڑا اور مثبت قدم ہے۔ پاکستان سیاحت کیلئے نہایت موزوں ملک ہے جبکہ وادی کیلاش میں سیاحت کیلئے کافی مواقع موجود ہیں۔ وزیر زادہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے صوبے میں سیاحوں کی آمد پر NOC کا شرط بھی ختم کیا اور اب ٹوارزم پولیس بھی بھرتی کئے جارہے ہیں جس سے سیاحت کو مزید ترقی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر فحر محسوس کرتا ہوں کہ میں پاکستانی ہوں اور میں کیلاشی ہوں۔ انہوں نے پڑوسی ملک ہندوستان کو بھی پیغام دیا کہ وہ اقلیتوں کی حقوق کی تحفظ پاکستان سے سیکھے۔ یہاں ہمارا تہوار منایا جارہاہے اور مسلمان آکر ہمیں مبارک باد بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کیلاش ثقافت کو اہمیت دیتے ہوئے انہیں کابینہ میں بھی شامل کیا۔ صوبائی حکومت کیلاش میں دیگر ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ یہاں کی تمام سڑکیں بھی بہت جلد تعمیر کرینگے۔ یہاں کے عوام بہت جلد مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیلاشی لوگ جلد محسوس کرینگے کہ ہماری حکومت کیلاش وادی کی ترقی کیلئے کیا کچھ کررہی ہے۔ ملک کی دیگر ترقی یافتہ علاقوں کی طرح کیلاش بھی ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
39419