Chitral Times

Sep 23, 2020

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حساس اضلاع میں پولیو مہم کاآغاز، وزیراعلیٰ نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا

شیئر کریں:

پشاور(چترا ل ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بدھ کے روز صوبے میں انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کیا ۔ تین روزہ اس مہم کے تحت صوبے کے اکیس حساس اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے 45لاکھ 62ہزار بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں ایک بچے کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلاکر مہم کا اجراءکیا۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا، سیکرٹری صحت امتیاز حسین شاہ، ڈائیریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر نیاز،کورآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر انسداد پولیو خیبرپختونخوا عبدالباسط ، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وباءکے باعث انسداد 4 ماہ کے تعطل کے بعد انسداد پولیو مہم کا دوبارہ آغازکیا گیا ہے۔ اس موقع پر اپنے گفتگو میں صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کےلئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ اس مقصد کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ آئندہ نسلوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنایا جاسکے۔ ماہ اگست کی اس انسداد پولیو مہم کے لئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 19 ہزار 87 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 17 ہزار 859 موبائل ٹیمیں اور ایک ہزار237 فکسڈٹیمیں شامل ہیں۔ پولیو مہم کے معیار کو بہترین بنانے اور مہم کے دوران لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے کیلئے 4 ہزار 909 ایریا انچارج تعینات کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خطرات کو کم سے کم کرنے کیلئے آپریشنل حکمت عملی میں ضروری ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے اور پولیو ٹیموں کو سرجیکل ماسک اور ہینڈ سینٹائزر سمیت تمام ضروری حفاظتی اشیاءفراہم کی گئی ہیں۔اسی طرح پولیو ٹیموں کے ارکان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سپروائزروں کو تھرمل گنیں مہیا کی گئی ہیں جو صبح ویکسنیشن پر روانگی سے قبل پولیو ورکرز کاٹمپر یچر چیک کریں گے اور ٹیموں کو بھجوانے سے قبل ان میں نزلہ، گلے کی خراش ، معدے کی خرابی جیسی ممکنہ علامات کا اندازہ لگائیں گے ۔محمود خان نے اس موقع پر اُمید ظاہر کی کہ میڈیا اور مقامی کمیونٹی کے بھر پور تعاون سے یہ انسداد پولیو مہم نہایت کامیاب رہے گی ۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کے مشن میں شامل اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خصوصی طور پرفرنٹ لائن پولیو ورکرز اور اس مشن سے وابستہ اہلکار ہمارے ہیرو ہیں جو تمام تر چیلنجز کے باوجود قوم کے بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ کرنے اور وطن عزیز کی عزت و وقار کی خاطرمیدان عمل میں سرگرم ہیں ۔

خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے کورونا وباءکی مشکل صورتحال کے باوجود گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔۔بریفنگ

پشاور(چترا ل ٹائمز رپورٹ )خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے کورونا وباءکی مشکل صورتحال کے باوجود گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کرلیا ہے ۔ مالی سال 2018-19 کے مقابلے میں مالی سال 2019-20 کے دوران کیپرا کے ریونیو کلیکشن میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ مالی سال2018-19 کے دوران کیپرا نے 10.41 ارب روپے کا ریونیو اکھٹا کیا تھا جس کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال کے دوران 17.20 ارب روپے کا ریونیو اکھٹا کیا گیا ۔ رواں مالی سال کیلئے کیپرا نے 20 ارب روپے سے زائد کا ریونیو اکھٹا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور قوی اُمید ہے کہ رواں سال کے آخر تک مقررہ ہدف سے زیادہ ریونیو اکھٹا کیا جائے گا۔


یہ بات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی ۔ اجلاس کو گزشتہ سال کے دوران کیپرا کی مجموعی کارکردگی کے علاوہ مستقبل کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے اور اس مقصد کیلئے کیپرا میں مجوزہ قانونی اور انتظامی اصلاحات کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی گئی جن میں ادارے کے کام کی شعبہ جاتی اور جغرافیائی توسیع ، ادارے کیلئے الگ اور مخصوص ایکٹ کی تیاری ، ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی وغیرہ شامل ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سیکرٹری خزانہ عاطف رحمان اور ڈائریکٹر جنرل کیپرا فیاض علی شاہ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ادارے نے گزشتہ مالی سال کے دوران پہلے سے نافذ ٹیکسزکی شرح میں اضافہ کئے بغیر سالانہ ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے جو ادارے کی سمارٹ ٹیکس کلیکشن سسٹم کی بدولت ممکن ہوا ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے مجموعی ریونیو کا 50 فیصد حصہ کیپرا اکھٹا کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کیپرا کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہا ر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور اسے آزادانہ طور پر چلانے کیلئے ادارے کیلئے ایک الگ ایکٹ بنانے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ واضح رہے کہ فی الوقت کیپرا فنانس ایکٹ کے تحت کام کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کیپرا کو ایک متحرک ادارہ بنانے پر اتھارٹی کے حکام کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ یہ ادارہ اُن مقاصد کے حصول میں کامیابیاں حاصل کر رہی ہے جن کے لئے اس کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ اُنہوںنے اُمید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ ادارہ مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کیپرا کے سابق ڈائریکٹر جنرل طاہر اورکزئی اور موجودہ ڈائریکٹر جنرل فیاض علی شاہ کو بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد دیں۔


شیئر کریں: