Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گل حمیرا میڈم ۔اک گھنا سایا۔۔۔۔۔گل عدن

شیئر کریں:

 انسانی زندگی کا تاریک پہلو یہی ہے کہ ہمیں دوسروں کی قدر ایک دوسرے کو کھونے کے بعد ھو تی ہے ۔
گل حمیرا بھی ایک عظیم الشان شخصیت ایک قیمتی سرمایہ تھیں ۔جن لوگوں نے ان کے ساتھ کام کیا وہ سب ان کی عظمت اعلیٰ ظرفی اور اعلیٰ اخلاق کی گواہ ہیں ۔وہ صرف اک معلم نہیں بلکہ اپنی ذات میں ایک مکمل ادارہ تھیں ۔انتہائی صابر ۔خوش اخلاق ۔معاملہ فہم ۔سمجھ دار اور ملنسار خاتون ۔معلمی کی تمام شرائط پر پورا اترنے والی ۔


مجھے میری کالج کاپہلا دن کل کی طرح یاد ہے جب محض چند دن لیٹ حاضری دینے پر مجھے ایک مقامی استاذ کے انتہائی درشت روئیے کا سامنا کرنا پڑا تھا جومیرے لیے انتہائی غیر متوقع تھا ۔ اس وقت اگر میڈم حمیرا ایک شفیق اور مہربان ماں کیطرح میری رہنمائی نہ کرتی توکالج میں میرا مزید 4دن بھی گزارنا ناممکن تھا ۔یہ صرف ان کا مثبت روئیہ تھا جس کی بدولت میں نےاسی کالج میں انہی منفی روئیوں کےساتھ 4سال گزارے ۔تب میں نے جانا کہ ایک مثبت روئہہ ہزار مثبت باتوں سے زیادہ اثر انداز ہوتا ہے ۔


ان چار سالوں میں ۔میں نے دیکھا کہ صرف مجھے نہیں بلکہ کالج کےتمام طالبات کو مقامی اساتذہ سےزیادہ میڈم حمیرا پر اعتماد ہو تا تھا ۔کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تا تو ھم حمیرا میڈم سے ڈسکس کرنے میں آسانی محسوس کرتے ۔کبھی جو میڈم میسر نہ ھو تی تو اک معمولی بات کو بھی اپنے مقامی اساتذہ کرام کےساتھ شئیر کرنے میں انتہائی دقت کا سامنا ہوتا تھا۔اک معلم پر جو زمہ داریاں عائد ھوتی ہیں انہوں نے وہ سب بخوبی نھبایا۔


گرلز ڈگری کالج چترال آج جس مقام پر ہے یہ صرف انکی لگن۔انتھک محنت اور کاوشوں کا صلہ ہے ۔عمارت کی توسیع سے لےکر اساتذہ اور طالبات میں نظم وظبط قائم رکھنے تک کےلئے انھوں نے انتہائی محنت کی۔اس تمام جدوجہد میں انہیں کتنی مسائل اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ھو گا انہوں نے کھبی نہیں جتایا ۔
کبھی اپنی تعریف کروانے کی کو شش نہیں کی ۔


میں اکثر انہیں دیکھ کر یہ سوچتی تھی کہ یہ بلند مقام اور مرتبہ کسی اور ناقص العقل عورت کو نصیب ہوتی تو وہ زمین پر کتنا اکڑ کر چلتی۔
مگر اللہ کا احسان تھا کے ھم نے میڈم حمیرا میں غرور کا شائبہ تک نہ دیکھا ۔وہ عجزو انکساری کی اک زندہ مثال تھیں ۔


مجھے خوشی ہے کہ میں اپنی ذندگی میں ایک ایسی خاتون سےملی جو اپنے قول اور فعل میں متضاد نہیں تھیں ۔
بلاشبہ وہ ایک بےمثال اورعظیم الشان خاتون تھیں ۔
چترال پر ان کے بےشمار احسانات ہیں جنکا صلہ انکے حق میں دعاؤں کے زریعے لوٹایا جا سکتا ہے اللہ میڈم حمیرا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے ۔آمین


شیئر کریں: