Chitral Times

Sep 23, 2020

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرزادہ کا قبائلی ضلع خیبر کا دورہ

شیئر کریں:

تحریک انصاف حکومت اقلیتی کمیونٹی کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہی ہے، وزیر زادہ
پاکستان واحد ملک ہے جہاں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، معاون خصوصی


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایت پر معاون خصوصی وزیر زادہ نے منگل کے روز قبائلی ضلع خیبر، تحصیل باڑہ میں اقلیتی برادری خصوصا سکھ کمیونٹی کے مسائل سننے کے لئے خصوصی دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں اقلیتی کمیونٹی کے زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔ وزیر زادہ کا کہنا تھا کہ کورتار پور بارڈر وزیراعظم عمران خان کا اقلیتوں کے بارے مثبت وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ اقلیتی سکھ برادری باڑہ تحصیل میں دوبارہ آباد ہو جائے۔ معاون خصوصی نے سکھ کمیونٹی کے لئے پچھلے تقریباً 8 سال سے تحصیل باڑہ میں ویران کالانگہ شمشان گھاٹ کی تعمیر نو و بحالی کا بھی اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان خصوصاً قبائلی اضلاع میں اقلیتی کمیونٹی اور مسلم کمیونٹی میں مثالی بھائی چارہ ہے۔ ہم نے اسی بھائی چارے کو لے کر ایک ہو کر اگے چلنا ہے۔ انہوں نے ضلع خیبر کے تمام اقلیتی برادری خصوصاً سکھ کمیونٹی کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ دورے کے موقع پر معاون خصوصی نے کہا ہے کہ شمشان گھاٹ میں پانی کے مسئلے کے حل کے لئے سولر ٹیوب ویل پر جلد کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہیں۔ ہم سب نے مل کر اس ملک کو ترقی سے ہمکنار کرنا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک ہندوستان میں اقلیتوں کے حقوق کا گلا گھونٹا جارہاہے۔ ہندوستان میں فاشسٹ مودی، ریاستی دہشت گردی سے اقلیتوں کے حقوق پر غاصب ہیں۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ بھارت اقلیتوں کی حقوق کے حوالے سے پاکستان سے سبق حاصل کریں۔ وزیر زادہ کا کہنا تھا کہ پورے صوبے بشمول قبائلی اضلاع کے اقلیتی برادری کے لئے ہاؤسنگ سکیمز اور اپنا روزگار سکیمز لا رہے ہیں جس سے اقلیتی کمیونٹی کے نوجوان سمیت خواتین بھی باعزت روزگار شروع کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن میں اقلیتی برادری کا کوٹہ بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے تحصیل باڑہ میں سکھ کمیونٹی کے لئے رہائشی کالونی کی تعمیر کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر زادہ نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں گوردواروں کی سولرائز یشن بھی کی جائے گی۔ اس دوران انہوں نے شجر کاری مہم کے تحت شمشان گھاٹ میں پودا بھی لگایا۔دورے کے موقع پر ایم پی اے روی کمار، اقلیتی کمیونٹی کے ایم پی اے ویلسن وزیر، ایم پی اے شفیق آفریدی، باباجی گرپال سنگھ اوراقلیتی کمیونٹی کے دیگر علاقائی رہنما بھی ہمراہ تھے۔بعدازاں معاون خصوصی نے پشاور پریس کلب میں 11 اگست ”قومی اقلیتی دن” کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اورو خطاب بھی کیا ہے۔ تقریب سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اقلیتی برادری کے حوالے سے یہ دن خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے پورے ملک کی اقلیتی برادری کو اس دن کی مبارک باد پیش کی ہے۔


شیئر کریں: