Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ضلعی انتظامیہ اور کمیونٹی کے اشتراک سے مڈک لشٹ میں کورونا حوالے احتیاطی اقدامات اٹھائے ہیں،عمائدین

شیئر کریں:

دروش (چترال ٹائمز رپورٹ ) مڈکلشٹ کے عمائدین نے کہاہے کہ مڈکلشٹ میں کورونا وباء کے پھیلاؤ کے حوالے سے سنسنی خیزی پھیلائی گئی جسکی وجہ سے تشویش میں اضافہ ہوا تاہم اسوقت مڈکلشٹ کے عوام ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ صحت کے تعاؤن سے سمارٹ لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کررہے ہیں اور جلد ہی حالات ٹھیک ہو جائینگے۔

میڈیا کو جاری کئے گئے ایک پریس ریلیز میں مڈکلشٹ کے عمائدین احمد نذیر صدرآغاخان لوکل کونسل، سا بق ممبر تحصیل کونسل منیجر شیر نذیر، سابق نائب ناظم سرفراز شاہ، سابق وی سی ناظم قاضی خورشید اور سابق وی سی نائب ناظم سردار عالم نے کہا ہے بعض چیزوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے بڑھا چڑھا کر پیش کئے جانے سے اضطرابی کیفیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا مڈکلشٹ میں 20افراد میں کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی طرف سے اقدامات اٹھائے گئے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر چترال کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دروش، ایس ایچ او دروش اور محکمہ صحت کے ذمہ داران نے مقامی عمائدین کے ساتھ میٹنگ کی جس میں حالات کا جائزہ لیا گیا اور حفاظتی اقدامات کے لئے لائحہ عمل ترتیب دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے عمائدین کی مشاورت سے سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جس پر علاقے کے عوام مکمل عملدرآمد کرر ہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دئیے جانیوالے ہدایات پر عمل ہورہا ہے، جن لوگوں کے ٹیسٹ پازیٹیو آئے تھے انہیں آئسولیٹ کیا گیا ہے۔

مقامی عمائدین نے کہا کہ سوشل میڈیا میں یہ خبر تو چلی مگر اس حوالے سے مڈکلشٹ کے عمائدین کے ساتھ کسی نے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی ایسی کوئی خبر مقامی عمائدین کی طرف سے جاری کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ایسے حساس معاملات میں خبر چلانے سے قبل مقامی عمائدین سے تصدیق کرانا ضروری ہے کیونکہ غیر مصدقہ بیانات کی وجہ سے کورونا وباء کیخلاف جدوجہد میں مصروف اداروں اور عوام میں بد اعتمادی پھیلتی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا میں آنیوالے خبروں سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ مڈکلشٹ کے عمائدین نے کہا کہ ہم ڈپٹی کمشنر چترال، ڈی پی او، ڈی ایچ او اور اسسٹنٹ کمشنر دروش کے مشکور ہیں کہ انہوں نے مقامی عمائدین کے ساتھ موثر تعاؤن کیا ہے، اس بناء پر مقامی لوگ بھی انتظامیہ کی طرف سے دئیے گئے ہدایات پر مکمل عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر دروش علاقہ عمائدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے سلسلے میں یہ تعاؤن جاری رہیگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
38487