Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مویشیوں کے ساتھ ڈیلنگ کرنے والوں کو حفاظتی طریقہ کار اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ڈاکٹرز

شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) ویلج کونسل ایون ون اور بائیو رسک منیجمنٹ ایکسپرٹ کے اشتراک سے ایک غیر معمولی اجلاس وی سی کے دفتر میں منعقد ہوا ۔ جس میں ہیلتھ ، ایجو کیشن ، پولیس ، وٹرنری اسٹاف اور ٹائیگر فورس و سوشل ایکٹی وسٹ نے شرکت کی ۔

اجلاس میں علاقہ ایون میں کورونا وائرس کی صورت حال ، حفاظتی تدابیر و اقدامات اور عوامی سطح پر آگہی کاجائزہ لیا گیا ۔ اور آنے والے عید الاضحی کے موقع پر اس وبائی بیماری کے پھیلاءو کے ممکنہ خدشات کا اظہار کرتے ہوئے یہ تجویز دی گئی ۔ کہ عید پر لوگوں کو سماجی فاصلہ رکھنے ، ماسک کا استعمال اورہاتھوں کی صفائی کا عمل جاری رکھنے سے متعلق آگہی مہم جاری رکھی جائے گی ۔ اور لوگوں کو قربانی کے دوران حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کیلئے تاکید کی جائے گی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشد جعفر اور لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے محمد یحی نے کہا ۔ کہ مال مویشیوں کی مختلف مقامات سے شہری علاقوں میں بغیر حفاظتی اقدامات کے منتقلی خطرات سے خالی نہیں ۔ اس لئے مویشیوں کے ساتھ ڈیلنگ کرنے والے افراد کو حفاظتی طریقہ کار اپنانے ،سپرے کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ کیونکہ ذرا سی کوتاہی کرونا وائرس اور کانگو وائرس کا شکار بنا سکتی ہے ۔ اس لئے لوگوں کو حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا چاہیے ۔ انہوں نے ایون میں تازہ اور صاف گوشت کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سلٹر ہاءوس کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا ۔ اور کہا ۔ کہ موجودہ وقت میں جگہ جگہ بغیر کسی حفاظتی طریقہ کار کے جانور ذبح کئے جاتے ہیں ۔ اور لائیو سٹاک ڈاکٹر کی طرف سے جانور کی صحت کی تصدیق کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی جاتی ۔ اور نہ میٹ شاپس میں معیار کے مطابق ماحول دستیاب ہے ۔ جبکہ ذبح کئے جانے والے جانوروں کے فضلات کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کیلئے بھی کوئی نظام موجود نہیں ہے ، اس لئے قوی امکانات ہیں ۔ کہ اس بے احتیاطی کے نتیجے میں بیماریاں جنم لیں گی ۔ اور علاقہ مزید مشکلات سے دوچار ہو جائے گا ۔

ہیلتھ کی طرف سے آفتاب عثمان نے کہا ۔ کہ حکومتی احکامات کے تحت ایون میں باہر سے آنے والے افراد کا نہ صرف ریکارڈ رکھا جارہا ہے ۔ بلکہ اُنہیں گھر میں قرنطینہ کرنے کی مکمل ہدایات دی جاتی ہیں ۔ اور سماجی فاصلہ سمیت تمام احتیاطی تدابیر اپنانے کی پُزور تاکید کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سونگھنے کی حس متاثر ہونے ،پیٹ کا چلنا ، سانس کا پھولنا ، بخار ایسی کیفیات ہیں جو کرونا وائرس کی واضح علامات میں شمار ہوتی ہیں ۔ اجلاس میں چترال پولیس کی کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں اقدامات کو سراہا گیا ۔ اور اس امر کا اظہار کیا گیا ۔ کہ پولیس ایون بھر میں پھیلے ہوئے مویشی منڈیوں کو یکجا کرنے میں اُن کی مدد کرے ۔

اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد کے ذریعے ٹی ایم اے چترال سے مطالبہ کیا گیا ۔ کہ ایون میں ایک معیاری سلاٹر ہاوس تعمیر کیا جائے تاکہ لوگوں کو صاف اور معیاری گوشت مل سکے ۔ اور کُھلی فضا میں فضلات کے پھیلنے کا سلسلہ بند ہو ۔ اجلاس میں الطاف اللہ ، صفی اللہ آصفی ، ، محمد آصف ،قاضی رشید ، شریف الرحمن ، موسی ، منظور ، ظاہر شاہ ، اختر نبی ِ، حسن خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

ayun vc ijalas on corona 1 1

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
38396