Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوامیں سب سے بڑے بالاکوٹ ہائیڈروپاورپراجیکٹ شروع کرنے کا آغاز

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ)خیبرپختونخواحکومت رواں سال ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے ضلع مانسہرہ میں دریائے کنہارپرصوبے کے سب سے بڑے پن بجلی کے منصوبے بالاکوٹ ہائیڈروپاورپراجیکٹ، 300میگاواٹ پرتعمیراتی کام کاآغازکرے گی۔اس سلسلے میں بالاکوٹ ہائیڈروپاورپراجیکٹ کوشروع کرنے کے لئے کنسلٹنٹ کی تقرری کی منظوری دے دی گئی ہے اورٹینڈرنگ کے بعد معاہدے کے لئے بھی اجازت لے لی گئی ہے۔

محکمہ توانائی کے ذیلی ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(پیڈو)کے ملازمین کے سروس سٹرکچرمیں اصلاحات لاتے ہوئے ملازمین کے نئے سروس رولزکی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ ان امورکی منظوری پیڈوبورڈآف ڈائریکٹرز کے منعقدہ48ویں اجلاس زیرصدارت چیئرمین بورڈنثارمحمد خان میں دی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری توانائی ظفرالاسلام خٹک،حسن ناصرخان، عبدالصدیق،ارباب خداداد، بخت زمان اورچیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان سمیت دیگر بورڈ ممبرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان نے بتایا کہ بالاکوٹ ہائیڈروپاورپراجیکٹ صوبے کے لئے توانائی کا اہم ترین اورسب سے بڑا منصوبہ ہے جس کی جلد تکمیل ممکن بناناہمارے لئے بڑاچیلنج ہے۔ یہ منصوبہ 722ملین ڈالرزیعنی 87ارب روپے کی خطیررقم سے آئندہ 7سالوں کے دوران مکمل کیا جائے گاجس میں 80فیصدرقم یعنی580ملین ڈالرز ایشیائی ترقیاتی بینک فراہم کرے گا اورباقی رقم صوبائی حکومت اپنے وسائل سے فراہم کرے گی۔ منصوبے کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 33ملین ڈالرزکی آمدن ہوگی۔اجلاس میں بالاکوٹ پن بجلی کے منصوبے کے لئے کنسلٹنٹ کی تقرری کے لئے منظوری دی گئی۔

بعدازاں اجلاس میں پیڈوملازمین کے سروس سٹرکچر میں اصلاحات لانے کے سلسلے میں قائم ریفارمزکمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بنائے گئے پیڈوسروس رولز2020کی بورڈنے منظوری دی جس کے بعد ملازمین کی پروموشن کے زیرالتواء کئی کیسزحل ہوجائیں گے جوکہ ادارے کے ملازمین کا دیرینہ مطالبہ تھا۔اس موقع پر چیئرمین بورڈ نثارمحمد خان نے پیڈوملازمین کے نئے سروس رولزکی منظوری کے بعد اس عزم کا اظہارکیا کہ اب ملازمین کو مزید دلجمعی کے ساتھ کام کرناہوگااوربورڈ ملازمین کے دیگرمسائل کے حل کے لئے اپناکردارادارکرے گا۔انہوں نے کہا کہ نئے سروس رولز سے ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔آخر میں پیڈوبورڈ نے ریفارمز کمیٹی میں بورڈ ممبرز حسن ناصر اورعبدالصدیق کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
37908