Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عید قربان ؛ مویشی منڈیوں کیلئے جاری ایس او پیز پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔۔چیف سیکریٹری

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو صوبائی حکومت کی طرف سے مویشی منڈیوں کے لئے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے سمیت مویشی منڈیوں میں کانگو سپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر یقینی بنانے اور ڈینگی پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز چیف سیکرٹری کمیٹی روم میں ویڈیو لنک کے ذریعے ڈویژنل کمشنرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری ہوم، سیکرٹری سیاحت، سیکرٹری صحت سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔


اجلاس میں چیف سیکرٹری کو کمشنرز کی جانب سے کورونا صورتحال، ایس او پیز، سمارٹ لاک ڈاون، ذخیراندوزی، ٹڈی دل، ڈینگی سمیت دیگر ایشوز پر بریفنگ دی گئی۔چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ پورے صوبے میں 121 مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں جو شہروں سے باہر ہیں اور حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ ایس او پیز کے حوالے سے چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ صرف پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کاروائی کرتے ہوئے 98 لاکھ روپے جرمانے وصول کئے گئے ہیں اسی طرح سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی پر تقریبا 56 لاکھ روپے جرمانے وصول کئے گئے ہیں۔


چیف سیکرٹری نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ایس او پیز کی خلاف ورزی بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے اس لئے عیدالاضحی کے موقع پر ایس او پیز پر عمل درآمد ہر حال میں یقینی بنایاجائے تاکہ دوبارہ کورونا کی وباء پھیلنے سے روکا جاسکے۔ چیف سیکرٹری نے کمشنرز کو اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈینگی پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ


ڈینگی کی افزائش نسل والی جگہوں پر خصوصی نظر رکھیں اور بروقت احتیاطی تدابیر اور انتظامات یقینی بنائیں۔چیف سیکرٹری نے ٹڈی دل کے خلاف کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو مزید بہتر حکمت عملی کیساتھ کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کو قابو کرنے کی صوبائی حکمت عملی کو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی مل رہی ہے
انہوں نے تمام کمشنرز کو اپنے متعلقہ اضلاع میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرہ تنگ کرنے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔اسکے علاوہ چیف سیکرٹری نے انتظامیہ کو ضم شدہ اضلاع میں پولیس سٹیشن کے لئے زمینوں کے حصول کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل اف پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے تمام ریجنل پولیس آفیسرز کو سول انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے

KP Chief Secretary Dr Kazim Niaz I G Police R 1

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
37833