Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گرم چشمہ میں اسسٹنٹ کمشنر اورسٹاف متعین کرنے کافیصلہ

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا وزیر زادہ اور ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد نے گرم چشمہ کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے گرم چشمہ میں اسسٹنٹ کمشنر اور سٹاف متعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک غیر معمولی اجلا س بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر آفس چترال میں منعقد ہوا ۔ جس میں معاون خصوصی وزیر اعلی وزیر زادہ ، ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد حیات شاہ بھی موجود تھے ۔ جس میں انہوں نے علاقائی صورت حال کا جائزہ لیا ۔ اور کئی اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ کیا ۔

بعد آزان معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا وزیر زادہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ۔ کہ گرم چشمہ میں انتظامیہ کے آفیسر اور سٹاف کی تعیناتی وہاں کے لوگوں کو گھر کی دہلیز پر انتظامیہ سے متعلق مسائل حل کرنے کے مقصد کے تحت کیا گیا ہے ۔ اس سے لوگوں کو فوری نوعیت کی ریلیف ملے گی ۔ اور انتظامیہ سے متعلق کسی کام کیلئے وہاں کے باسیوں کو وقت ضائع کرکے چترال آنے اور اضافی اخراجات اُٹھانے سے نجات مل جائے گی ۔ نیز انتظامی آفیسر مقامی سطح پر دستیاب ہونے سے لوگوں کو بروقت اپنی بات حکومت تک پہنچانے کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال کے اکثر علاقوں کے لوگوں کی یہ شکایت رہی ہے ۔ کہ انتظامی آفیسران اُن کے علاقے کی وزٹ نہیں کرتے ۔ جس کی وجہ سے اُن کے مسائل بڑھ رہے ہیں ۔ اب گرم چشمہ کے لوگوں کو اسسٹنٹ کمشنر اور سٹاف کی تعیناتی کے بعد یہ شکایت نہیں رہے گی ۔ اور وہ آسانی سے اپنی بات انتظامیہ تک پہنچا سکتے ہیں ۔ اور انتظامیہ سے متعلق کیسز گرم چشمہ میں ہی نمٹانے سے مقامی لوگوں مزید سہولت ملے گی ۔ اجلاس میں گولین سیلاب کی امدادی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اور اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ کہ متاثرین کو خوراک اور ٹینٹ فراہم کئے گئے ہیں ، میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ اور پیدل راستے کی بحالی کیلئے ریسکیو 1122اور انتظامیہ سرگرم عمل ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ متاثرین کے ساتھ ہیں ۔ انشا اللہ مختصر وقت میں حالات پر قابو پایا جائے گا ۔

dc chitral and wazir zada

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
37701