Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شندور کوہندراب نیشنل پارک کے ساتھ ملانے پرتحریک حقوق اپرچترال کی طرف سے شدید رد عمل کا اظہار

شیئر کریں:


اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) تحریک حقوق عوام اپر چترال کی کال پر صدر تحریک حقوق عوام کا ایک اہم اجلاس بونی میں منعقد ہوا جس میں تحریک حقوق کے نمائندوں کے علاوہ مختلف جماعتوں کے صدور، تجار یونئین ، بونی بار ایسوسی ایشن اور بڑی تعداد میں علاقے کے عمائدین نے شرکت کی۔

اجلاس شندور کو ہندراب نیشنل پارک کے ساتھ ملا کر گلگت کا حصہ بنانے کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں تھا۔ اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی اپر چترال مولانا جاوید حسین نے کی اور مہمان خصوصی بونی بار ایسوسی ایشن کے صدر مصطفیٰ ایڈوکیٹ تھے۔

اجلاس کے شرکاء نے شندور کو ہندراب نیشنل پارک کے ساتھ ملا کر متنازعہ بنانے پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ شندور زمانہ قدیم سے لاسپور کے عوام کا چراگاہ چترال خیبر پختونخواہ کا حصہ رہا ہے جس کے تمام سرکاری شواہد موجود ہیں۔ اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ان کو نیشنل پارک پارک پر اعتراض نہیں ہے لیکن چترال کی ملکیتی علاقے کو دوسرے صوبے سے ملانا کسی طور قبول نہیں کیا جائے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یا تو یہ فیصلہ غلط فہمی میں کیا گیا ہے یا یہ فیصلہ کرتے وقت تحقیق کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی گئی۔ اس اجلاس کی وساطت سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا گیا کہ مزکورہ فیصلہ فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ تاکہ چترال اور گلگت کے عوام کے درمیان ممکنہ تنازعے سے بچا جاسکے جو کہ آپس میں بھائی چارے کا رشتہ رکھتے ہیں اور ان میں کسی قسم کی کوئی چپقلش نہیں ہے۔

اجلاس میں ایک دس رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں تمام سیاسی جماعتوں، تحریک حقوق عوام، بار ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہیں۔ یہ کمیٹی ایم۔این۔اے چترال کی سربراہی میں چند دنوں میں وزیراعظم اور دوسرے متعلقین سے ملاقات کرے گی اور مسئلہ جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ اجلاس کے آخر میں مطالبہ دہراتے ہوئے شرکاء نے سخت موقف اختیار کیا اور فیصلہ کیا کہ فوری طور پر مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں اپر چترال کے عوام لاسپور کے عوام کے ساتھ مل کر اپنا حدود بند کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے کیونکہ شندور لاسپور کے عوام کی گرمائی چراگاہ ہے اور وہاں ان کے گھر بھی موجود ہیں۔

tahreek huquq upper chitral meeting on shandur 4
tahreek huquq upper chitral meeting on shandur 5
tahreek huquq upper chitral meeting on shandur

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
37678