Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گولین ویلی کے سیلاب میں کمی آنے کے ساتھ ہی بحالی کا کام شروع کیا جائیگا۔وزیرزادہ

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے ماشیلیک گولین کے مقام کا دورہ کیا اور وادی سے باہر پھنسے ہوئے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ انہیں تمام ممکنہ امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریسکیو کے کام میں بھی تیزی لائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتطامیہ نے پہلے سے ضروری اشیاء اور ادویات وادی گولین پہنچادی ہیں۔ جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر ضروری محکموں کے اہلکار چوبیس گھنٹے موقع پر موجود ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ہدایت کی کہ انفراسٹرکچر کی بحالی کاکام سیلاب کی شدت میں کمی آنے کے ساتھ ہی شروع کیا جائے۔ وزیرزادہ نے کہا کہ گزشتہ ماہ گلاف وارننگ کے اجراء کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اقدامات لیتے ہوئے تمام ضروری اشیاء وادی پہنچاکر اسٹور کردی تھیں جن میں لائف سیونگ ڈرگز بھی شامل ہیں۔ وزیرزادہ کا کہنا تھا کہ فی الحال وادی میں داخل ہونے یا اس سے باہر نکلنے کے تمام راستے بند ہیں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وادی سے باہر پھنسے ہوئے افراد کے لئے گورنمنٹ ہائی سکول کوغوزی میں قیام وطعام کا بندوبست کیا جائے۔ معاون خصوصی وزیر زادہ نے کہاکہ گزشتہ سال بھی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے انہوں نے خصوصی طور پر 40کروڑ 7 لاکھ روپے کی منظوری لی تھی اور اس سال بھی اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔اس موقع پر ٹی ایم اے۔،پبلک ہیلتھ، ایریگیشن، ریسکیو 1122، پولیس، ڈسٹرکٹ انتظامیہ، کے اہلکاروں سمیت ایس آر ایس پی کے طارق احمد، محکمہ موسمیات کے انچارج منظور احمد اور یواین ڈی پی کے گلاف پراجیکٹ سیدنوید شاہ بھی موجود تھے۔

golan flood 1
golan flood chitral 1
golan flood4
golain flood chitral4

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
37622