Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اجمل وزیر کی مبینہ آڈیولیک ہونے پر انھیں عہدے سے ہٹایا گیا۔۔کامران خان بنگش

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات، اطلاعات و تعلقات عامہ کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ اجمل خان وزیر کی مبینہ آڈیو لیک ہونے پر وزیراعلیٰ نے بروقت اور واضح نوٹس لیا ہے شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹایا گیا جبکہ مبینہ آڈیو کی فرانزک تجزیہ لیا جائے گا،اگر اجمل وزیر بے گناہ ثابت ہوئے تو دوبارہ ٹیم کا حصہ ہونگے۔ کامران بنگش نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے چیف سیکرٹری کو اعلی سطحی انکوائری مقرر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ کامران بنگش کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مجھ سے منسوب خبروں کی تردید کرتا ہوں اسے سرکاری موقف نہ سمجھا جائے۔

یادرہے کہ کامران بنگش جامعہ پشاور سے فارغ التحصیل کمپیوٹر سائنس کے گریجویٹ ہیں جو اس وقت پی کے 77 پشاور سے منتخب نمائندہ بھی ہیں۔محکمہ بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی کے قلمدان سنبھالنے سے پہلے کامران بنگش محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی تھے جبکہ 10-2007 تک آپ پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سوشل میڈیا انچارج رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ 13-2011 تک پاکستان تحریک انصاف نیشنل یوتھ کونسل کے ممبر،11-2010 پاکستان تحریک انصاف کے وائس پریزیڈنٹ، 2009 سیکرٹری انفارمیشن پاکستان تحریک انصاف پشاور، 12-2010 انصاف ڈاکٹرز فورم کے کوآرڈینیٹر، 16-2010 انصاف پروفیشنل فورم کے ممبر رہے۔ کامران بنگش ٹاؤن-1 پشاور سٹی کے ٹاون ممبر بھی رہ چکے ہیں۔ آپ 2009 میں خیبرپختونخوا میں آنے والے دہشتگردی کی لہر میں متاثرہ افراد کے لیے امدادی سرگرمیوں میں نمایاں رہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے 2009 میں سیلاب زدگان کے لئے شروع کی گئی فلاحی پروگرام پکار میں بھی پیش پیش رہے۔ کامران بنگش نے کالاش اور چترال کلچرل کو محفوظ کرنے والے پروگرام میں بطور رضاکار کام کیا۔کامران بنگش، پبلک سروس کمیشن کے ان چالیس افراد کی لسٹ میں ٹاپ پر ہیں جو حالیہ محکمہ بلدیات میں بطور تحصیل میونسپل آفیسر لئے گئے ہیں جن کے لئے ہزاروں افراد نے قسمت آزمائی کی تھی لیکن انہوں نے سیاست میں کیرئیر بنانے کو ترجیح دی تاکہ عوام کی صحیح معنوں میں مدد کرسکیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
37510