Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

روش گول میں غیر قانونی شکاری ماحولیاتی دہشت گردی پھیلانے میں مصروف،نوٹس لیا جائے۔ کنزرویشن کمیٹی

شیئر کریں:

چترال(نمائندہ چترال ٹائمز)ویلی کنزرویشن کمیٹی زوندرانگرام تریچ کے عہدیداران پروفیسر رحمت کریم بیگ، گمبوری شاہ، مولانا عبدالغنی چمن اور دوسروں نے چترال کے معروف ترین چراگاہ روش گول میں غیر قانونی شکار کا سلسلہ روکنے اور صنوبر کے جنگل کو تباہی سے بچانے اور اس ماحولیاتی تباہی میں ملوث مافیا کے خلاف موثر کاروائی کرکے حکومتی رٹ کو قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پیر کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بے حسی سے فائدہ اٹھاکر روش گول میں شکاری مافیاماحولیاتی دہشت گردی پھیلانے میں مصروف ہے جس کی وجہ سے برفانی چیتا اور آئی بیکس شدید خطرات سے دوچار ہیں اور نباتات بھی ان کے ہاتھوں غیر محفوظ ہیں اور ماحولیاتی کنزرویشن کی کسی بھی کوشش کو یہ ناکام بناتے رہے اور حال ہی میں سنولیپرڈ فاونڈیشن کے ایک پراجیکٹ کے خلاف بھی طاقت کا استعمال کیا ہے تاکہ ان کی غیر قانونی شکار کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ تریچ میر کی چوٹی کے دامن میں واقع وادی تریچ جنگلی حیات کے لئے مشہور ہے جہاں معدومیت سے دوچاربرفانی چیتا کی موجودگی بھی ہے اور آئی بیکس کی بھی ایک بڑی آبادی کے ساتھ ساتھ تیتر اور چکوربھی بہت ذیادہ تعداد میں پائے جاتے ہیں جن کی کنزرویشن کے لئے کمیونٹی میں ایک جذبہ اور درد پایا جاتا ہے لیکن یہاں ایک مخصوص ٹولہ مختلف ادوار میں بین الاقوامی اداروں کی طرف سے شروع کردہ منصوبے ناکام کردئیے تاکہ ان کی غیر قانونی شکار کا راستہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہاکہ ان معدودے چند افراد کا قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا اور جنگلی حیات کا بے دریغ شکار کرنا ماحولیاتی دہشت گردی سے کم نہیں ہے اور افسوس کا مقام یہ ہے کہ ان ماحولیاتی دہشت گردوں کو حکومت نے ہمیشہ سے کھلی چھٹی دے دی ہے اور صوبائی حکومت کا محکمہ جنگلی حیات اس میں مکمل طور پر ناکام ہے۔

علاقے کے معززین کا کہنا تھاکہ بیس سال پہلے بھی آئی یو سی این کی ایک کنزرویشن پراجیکٹ کو بھی اس مافیا نے ناکام بنادیا اور اب سنولیپرڈ فاونڈیشن کے ایک پراجیکٹ کے خلاف بھی سازشوں میں مصروف ہیں اور ادارے کے افراد اور خود پولیس فورس کے اہلکاروں کو زدوکوب کرکے انہوں نے حکومتی رٹ کو بھی چیلنج کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ماحولیات کے شعبے میں انقلابی اقدامات لانے اور حال ہی میں درجن سے ذیادہ نیشنل پارک قائم کرنے کا اعلان کرنے والی پی ٹی آئی حکومت کو چاہئے کہ اس وادی میں اپنی رٹ قائم کرکے کنزرویشن کا کام کرنے والوں کو ان غنڈوں سے مکمل تحفظ دلوائے بصورت دیگر برفانی چیتا اور آئی بیکس کا یہ معروف مسکن تباہ ہوگا اور یہ جنگلی جانور معدوم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شکار مافیا مقامی عوام کو بھی غلط پروپیگنڈوں کے ذریعے اپنے ہمنوا بنانے کی کوشش کررہی ہے اور سنولیپرڈ فاونڈیشن کی اس پراجیکٹ کے خلاف اکسارہے ہیں جوکہ خدانخواستہ ناکامی سے دوچار ہوئی تو اس سے بڑی بدقسمتی اس علاقے کے لئے اور کوئی نہیں ہوسکتی۔

terich valley conservancy committee chitral1 1

شیئر کریں: